چار بہن بھائی سیلابی ریلے میں بہہ گئے، 3 ہلاک

   

ریاض : مکہ مکرمہ ریجن میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد سیلابی ریلے میں تین بہن بھائی ہلاک جبکہ ایک لاپتہ ہے۔سیکورٹی حکام اور امدادی ٹیمیں لاپتہ ہونے والے بچے کی تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔سبق نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ کے المغمس کے علاقے میں چاروں بچے گاڑی میں تھے جو سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ تین بچے ہلاک جبکہ ایک لاپتہ ہوگیا۔امن عامہ کی ٹیمیں چوتھے بچے کی تلاش کا کام چوبیس گھنٹے جاری رکھے ہوئے ہیں، اطراف کے علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں سیلابی ریلے کا شکار ہونے والے خاندان کے تین بچوں کوسپرد خاک کردیا گیا۔
پاک۔افغان سرحد پر جھڑپ
بھاری توپ خانے کا استعمال
کابل : پاک۔افغان سرحد پر حفاظتی قوتوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ افغان پریس کے مطابق صوبہ خوست کے ضلع مندو زئی میں واقع سرحد پر یہ جھڑپ گزشتہ شام 7بجے کے قریب شروع ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جھڑپ افغان سرحدی محافظوں کی زیر تعمیر ایک چیک پوسٹ پر ہوئی جس میں بھاری توپ خانے کااستعمال کیا گیا۔ افغان انتظامیہ نے اس حوالے سے کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن سوشل میڈیا کی پوسٹس پردونوں جانب سے شدید جھڑپ ہونے کا حوالہ دیا گیا ۔