چاند نظر نہیں آیا ، ہندوستان میں پیر کو عید الفطر

,

   

نئی دہلی ۔ /23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں عیدالفطر پیر /25 مئی کو منائی جائے گی کیونکہ ہفتہ /29 رمضان کو شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا ۔ دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام احمد بخاری نے یہ اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کورونا وباء اور اس کے سبب جاری لاک ڈاؤن کے درمیان مسلمانوں سے نماز عید اپنے گھروں میں ہی ادا کرنے کی اپیل کی ہے ۔ رویت ہلال کمیٹی ، امارت شرعیہ ہند کا اجلاس آج شام یہاں منعقد ہوا جس کے بعد اعلان کیا گیا کہ دہلی میں رویت کی اطلاع نہیں ہے اور ملک کے کوئی دیگر حصے سے بھی چاند نظر آنے کی خبر نہیں ملی ۔ معتمد رویت ہلال کمیٹی مولانا معیز الدین نے اعلان کیا کہ پہلی شوال /25 مئی کو طئے پائی ، لہذا عیدالطفر پیر کو منائی جائے گی ۔ جمعیۃ العلماء ہند نے بھی اپنے بیان میں عدم رویت کی اطلاع دیتے ہوئے مسلمانوں سے لاک ڈاؤن کے حکومتی رہنمایانہ خطوط کی پاسداری کرنے اور نماز عید گھر پر ادا کرنے کی اپیل کی ۔ ہندوستان میں شائد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ملک بھر میں مساجد اور عیدگاہوں میں عیدالفطر کی نماز کیلئے کوئی اجتماع نہیں ہوگا کیونکہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام اقسام کے مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کررکھی ہے ۔