نئی دہلی: غیر باسمتی چاول کی برآمدات پر 20 فیصد کسٹم ڈیوٹی عائد کرنے کے بعد حکومت نے گھریلو دستیابی کو بڑھانے کے مقصد سے ٹوٹے ہوئے چاول کی برآمد پر پابندی عائد کردی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ نے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا ٹوٹے ہوئے چاول کی برآمد کے زمرے کو مفت سے محدود کردیاگیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن 9 ستمبر 2022 سے نافذ العمل ہے۔ٹرانسفر پالیسی کے سلسلے میں فارن ٹریڈ پالیسی 2015-2020 کے تحت شرائط اس نوٹیفکیشن پر لاگو نہیں ہوں گی۔ اس کے علاوہ 9 سے 15 ستمبر کے دوران ٹوٹے ہوئے چاول کی کچھ کھیپ کو برآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق اس عرصے کے دوران صرف ان کنسائنمنٹس کو برآمد کرنے کی اجازت ہو گی جو اس نوٹیفکیشن سے پہلے جہازوں پر لوڈ ہونا شروع ہوچکی ہیں۔اس سے قبل حکومت اسنا چاول کے علاوہ نان باسمتی چاول پر20 فیصد ایکسپورٹ ڈیوٹی عائد کرچکی ہے۔ موجودہ خریف سیزن میں دھان کی فصل کے رقبہ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔