چشمہ… درست انتخاب شخصیت پر وقار

   

موسم بدلنے لگا ہے سردیاں جا رہی ہیں اور موسم بہار کی آمد آمد ہے ایسے میں سورج کا رنگ روپ بھی بدل گیا ہے۔پہلے تو سورج دھند کے بادلوں کی اوٹ سے نکلتا ہی نہ تھا مگر اب پورا آب و تاب سے چمک کر سب کی خوشیاں دوبالا کر رہا ہیں لوگ جہاں دھوپ سے لطف اْٹھا رہے ہیں وہیں آنکھوں پر چشمے لگائے بھی نظر آ رہے ہیں۔دراصل سورج کے تیور دیکھتے ہی اس سے بچنے کی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں اور اس ضمن میں مردوزن سن گلاسز کی خریداری کیلئے بازار کا رْخ کرتے ہیں۔اب فیشن کی بڑھتی ہوئی دوڑ میں سن گلاسز بھی خواتین میں فیشن کے مطابق منتخب کئے جاتے ہیں ۔ لباس ، جیویلری اور سینڈلز کے ساتھ ساتھ اب خواتین سن گلاسز بھی میچنگ استعمال کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہیں۔بازار میں فیشن کے مطابق مختلف طرح کے چشمے دستیاب ہیں جن میں چوکور،مستطیل،بیضوی اور گول چشمے ہماری خواتین اور مردوں میں مقبول عام ہیں۔ان دنوں نسبتاً بڑے بڑے شیشوں کے سن گلاسز خواتین میں ان ہیں۔بیشتر خواتین اسی طرح کے سن گلاسز میں نظر آتی ہیں حتیٰ کہ نمبر والے چشموں کے فریم بھی بڑے بڑے اور چوڑے چوڑے منتخب کیے جا رہے ہیں ، حالانکہ یہ بڑے بڑے فریم ہر چہرے پر موزوں نہیں لگتے ۔ چشمے کا صحیح انتخاب چہرے کی خوبصورتی بڑھانے کا سبب بنتا ہے۔اس کیلئے چہرے کی بناوٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے چشمہ خریدنا ضروری ہے۔اس بات کا خیال رکھیں کہ اپنے چہرے سے بڑا فریم نہ خریدیں اور نہ ہی بغیر کناروں والا فریم استعمال کریں۔اگر آپ کا چہرہ گول ہے تو آپ چوکور فریم والا چشمہ استعمال کریں۔اگر آپ نے گول چہرے کے ساتھ گول چشمہ لگا لیا تو آپ کا چہرہ کسی فٹبال کا سا تاثر پیش کرے گا۔چوکور چہرے کیلئے بیضوی شکل کا فریم استعمال کریں۔اور اگر آپ کا چہرہ کتابی ہے تو آپ ہر طرح کا فریم استعمال کر سکتے ہیں۔اگر آپ کی دونوں آنکھوں کے درمیان فاصلہ کم ہے تو اس صورت میں ہلکے رنگ کے فریم کا انتخاب کریں ۔ فریم کے انتخاب میں چہرے کی شیپ کے ساتھ ساتھ اپنے ہیئر اسٹائل کو بھی مدنظر رکھیں۔سنہرے بالوں والی خواتین کو نیلے،سبز اور گلابی رنگ کے چشمے استعمال کرنے چاہئے۔وہ افراد جن کی ناک لمبی ہو انہیں چاہئے کہ نچلے پل والا چشمہ لگائیں۔چھوٹی ناک کیلئے لمبے پل والا چشمہ استعمال کریں جبکہ چپٹی ناک کیلئے گہرے رنگ کے پل کا چشمہ بھلا لگتا ہے۔ اس سے ناک کے چپٹے پن کا احساس کم ہو جاتا ہے اور چہرے کی دلکشی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔