چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان سے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت کی ملاقات

   

حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں تلگو دیشم ۔ جنا سینا اتحاد کی بی جے پی کے ساتھ نشستوں پر مفاہمت کے لئے آج اہم اجلاس منعقد ہوا۔ امراوتی میں تینوں پارٹیوں کے سرکردہ قائدین نے نشستوں کی تقسیم کا جائزہ لیا۔ نئی دہلی میں امیت شاہ اور جے پی نڈا سے چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان کی ملاقات کے بعد نشستوں کی تقسیم کو طئے کرنے کیلئے بی جے پی نے اپنے نمائندوں کو روانہ کیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان سے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے ملاقات کی ۔ جنا سینا کے پی اے سی صدرنشین این منوہر اور بی جے پی کے قومی قائد جئے جینت پانڈا بھی بات چیت میں شریک تھے ۔ تلگو دیشم کے ریاستی صدر اچن نائیڈو اور ارکان اسمبلی جی روی کمار اور ستیہ پرساد نے بھی مذاکرات میں حصہ لیا ۔ تینوں پارٹیوں میں طئے شدہ مفاہمت کے تحت جنا سینا اور بی جے پی کو اسمبلی کی 30 اور لوک سبھا کی 8 نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ جنا سینا نے 6 نشستوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ بی جے پی کو الاٹ کی گئی نشستوں کے بارے میں قطعی فیصلہ باقی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بی جے پی قائدین کے ساتھ مشاورت آج مکمل ہوجائے گی اور اندرون دو یوم نشستوں کی تقسیم کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔ 1