ریونت ریڈی شیر نہیں بلکہ بگڑا ہوا پاگل بچہ ، ہریش راؤ کا الزام
حیدرآباد 19 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے سینئیر رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے اٹوٹ رشتہ کو نبھانے تلنگانہ کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا اور پانی کی لڑائی میں جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر کانگریس حکومت کی تائید کا اعلان کیا ۔ آج تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب میں یہ بات بتائی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ر یونت ریڈی کو آبپاشی شعبہ میں صفر نالج ہے ۔ کانگریس حکومت کی خاموشی سے آندھرا پردیش آبپاشی پراجکٹس تعمیر کرکے تلنگانہ کے مفادات کو نقصان پہونچا رہی ہے ۔ بی آر ایس کی جانب سے مسئلہ اٹھانے کے بعد حکومت نیند سے بیدار ہوئی ۔ چیف منسٹر اپنی غفلت اور لاپرواہی کو تسلیم کرنے کی بجائے سابق چیف منسٹر کے سی آر پر جھوٹے الزامات عائد کرکے اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ سابق وزیر ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے پانی کے حقوق آندھرا پردیش کو لکھ کر دینے کی بی آر ایس پارٹی نہ صرف اس کی مخالفت کرے گی بلکہ عوام کے درمیان اس کو عوامی تحریک میں تبدیل کردے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نلاملا کا شیر نہیں ہے بلکہ بگڑا ہوا پاگل بچہ ہے ۔ ریاست کو ترقی دینے اور عوام سے وعدوں کو پورا کرنے میں ریونت ریڈی کو کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ صرف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے ۔ آندھرا پردیش میں بناکا چرلہ پراجکٹ تعمیر کیا جارہا ہے جس سے تلنگانہ کے کئی اضلاع خشک سالی کا شکار ہوجائیں گے ۔ بی آر ایس اس کے خلاف خاموش نہیں رہے گی بلکہ احتجاج کرے گی ۔۔ 2