چوتھے ٹسٹ میں بھی ہندوستان اننگز و 25 رنز سے فاتح ۔ سیریز 3 – 1 سے جیت لی

   


ٹیم انڈیا نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ فائنل میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ۔ پنت مین آف دی میچ اور اشون مین آف دی سیریز

احمدآباد۔ ہندوستان نے آج انگلینڈ کو چوتھے اور آخری ٹسٹ میں ایک اننگز اور 25 رنز سے شکست دیتے ہوئے چار ٹسٹ میچس کی سیریز میں 3 – 1 سے کامیابی حاصل کرلی ۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان ماہ جون میں ہونے والی افتتاحی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ ہندوستان کی جانب سے اکشر پٹیل اور روی چندرن اشون نے پانچ پانچ وکٹس حاصل کرتے ہوئے اس شاندار کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ ہندوستان کو لارڈز میں ہونے والے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ فائنل میں رسائی کیلئے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹسٹ میں صرف ڈرا کرنا بھی کافی تھا تاہم ہندوستان نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اننگز اور 25 رنز سے مہمان ٹیم کو شکست فاش دی اور اپنی جگہ حاصل کرلی ۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ فائنل میں ہندوستان کا کین ولیمسن کی قیادت والی نیوزی لینڈ سے مقابلہ ہوگا ۔ ہندوستان کی جانب سے چوتھے ٹسٹ میں اکشر پٹیل نے 48 رنز کیعوض پانچ وکٹس حاصل کئے جبکہ آر اشون نے 47 رنز کے عوض پانچ وکٹس حاصل کئے اور انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 54.5 اوورس میں محض 135 رنوں پر ڈھیر ہوگئی ۔ ہندوستان نے چوتھا ٹسٹ تیسرے دن کے نصف ہی میں جیت لیا جبکہ تیسرے ٹسٹ میں ہندوستان نے دو دن کے اندر کامیابی حاصل کرلی تھی ۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 205 رن بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں اس کی ساری ٹیم 135 رنوں پر آوٹ ہوگئی ۔ انگلش ٹیم کی پہلی اننگز میں بین اسٹوکس نے سب سے زیادہ 55 رن بنائے تھے جبکہ اولی پوپ نے 29 اور جانی بئیرسٹو نے 28 رن جوڑے تھے ۔ ڈین لارنس نے بھی قدرے مزاحمت کرتے ہوئے 46 رن بنائے تھے ۔ دوسرے بلے بازوں میں صرف جیمس اینڈرسن ہی 10 رن بناسکے تھے جبکہ دوسرے تمام بلے باز دو ہندسی اسکور تک نہیں پہونچ پائے تھے ۔ پہلی اننگز میں ہندوستان کی جانب سے اکشر پٹیل نے چار ‘ اشون نے تین ‘ محمد سراج نے دو اور واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کی تھی ۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں ریشبھ پنت کی شاندار سنچری اور واشنگٹن سندر کے 96 رنوں کی مدد سے 365 رنز بنائے تھے ۔ ہندوستان کیلئے روہت شرما نے 49 اجنکیا رہانے نے 27 اور اکشر پٹیل نے 43 رنز جوڑے تھے ۔ انگلش ٹیم کیلئے بین اسٹوکس نے چار ‘ جیمس اینڈرسن نے تین اور جیک لیچ نے دو وکٹس حاصل کئے تھے ۔ دوسری اننگز میں انگلش ٹیم محض 135 رنوں پر آوٹ ہوگئی ۔ کپتان جو روٹ نے 30 رن اور اولی پوپ نے 15 رن بنائے تھے جبکہ ڈان لارنس نے نصف سنچری اسکور کی ۔ وہ 50 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے ۔ مابقی تمام بلے باز دو ہندسی اسکور تک بھی نہیں پہونچ پائے تھے ۔ اکشر پٹیل اور روی چندرن اشون نے پانچ پانچ وکٹس حاصل کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کو ایک شاندار کامیابی دلانے اور ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ فائنل میں جگہ دلانے میں اہم رول ادا کیا ۔ ریشبھ پنت کو مین آف دی میچ اور روی چندرن اشون کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا ۔انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف پہلا ٹسٹ جیتا تھا جبکہ مابقی تینوں ٹسٹ میچس میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی ہے ۔