300 روپئے فی کیلو چکن اور 8 روپئے میں فی انڈا فروخت ہورہا ہے
حیدرآباد۔/29 فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں چکن کی قیمتوں میں اچانک زبردست اضافہ ہوگیا ہے، 300 روپئے فی کیلو چکن فروخت ہورہا ہے۔ اس سال فبروری کے دوسرے ہفتہ سے ریاست میں گرمی شدت اختیار کرگئی ہے۔ ایک طرف گرمی کی شدت سے اور دوسری طرف برڈ فلو سے مرغیاں مررہی ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ مارچ تک یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ میڈارم جاترا کے پیش نظر مرغیوں کی درآمد پر شدید اثر پڑا ہے۔ نقصان کے خوف سے پولٹری تاجروں نے مرغیوں کی افزائش میںبڑی حد تک کمی کردی ہے۔ اقل ترین قیمت وصول نہ ہونے سے جو اسٹاک تھا اس کو پہلے فروخت کرنے پر زیادہ توجہ دی گئی ہے نتیجتاً پیداوار میں کمی ہوئی اور مرغیوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ گذشتہ ہفتہ فی کیلو چکن 150 تا 200 روپئے میں فروخت ہوا تھا جس کی قیمت میں اب بڑھ کر فی کیلو 300 روپئے ہوگئی ہے ۔ اِسکن کے ساتھ 260 روپئے فی کیلو چکن فروخت ہورہا ہے۔ بون لیس چکن 500 روپئے فی کیلو کی ریکارڈ قیمت پر فروخت ہورہا ہے۔ چند مقامات پر تاجر سنڈیکیٹ بناکر من مانی قیمتیں طئے کررہے ہیں۔ یہی نہیں انڈوں کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ ایک ماہ قبل فی انڈا 6 روپئے فروخت ہوا، دو ہفتے قبل فی انڈا 7 روپئے میں فروخت ہوا اور اب 8 روپئے میں فی انڈا فروخت ہورہا ہے۔2