چھتیس گڑھ۔بھیم آرمی نے ایس سی طبقے کے لئے 16فیصد تحفظات کی مانگ کے ساتھ احتجاجی دھرنا دیا

,

   

اس دھرنے میں مظاہرین کی بھاری تعداد جمع ہوئی۔
رائے پور۔بھیم آرمی نے جمعرات کے روز ریاست کی درالحکومت رائے پور کے بدھا تالاب علاقے میں ایس سے زمرے کے لئے 16فیصد تحفظات کی مانگ کے ساتھ احتجاجی دھرنا منظم کیاہے۔

اس احتجاج میں بھیم آرمی کے بانی اور قومی صدر چندر شیکھر آزاد نے بھی شرکت کی اورکہاکہ ریاستی حکومت کو سماج کے ساتھ کھلواڑ بند کرنا چاہئے‘ بصورت دیگر یاست میں مجوزہ اسمبلی انتخابات میں سنگین نتائج کا سامنا کر نا پڑیگا۔

اس دھرنے میں مظاہرین کی بھاری تعداد جمع ہوئی۔انہو ں نے چیف منسٹرکے گھر کے گھیراؤ کی کوشش بھی کی مگر پولیس نے اسمارٹ سٹی کے قریب میں انہیں روک لیا۔جس کے بعد انہوں نے انتظامیہ کو ایک یادواشت پیش کی۔عوام سے خطاب کرتے ہوئے آزاد نے کہاکہ ”تحریک کے مطالبہ کو تقویت پہنچانے کے لئے ہم آج یہاں اکٹھا ہوئے ہیں‘ جو گذشتہ ایک ماہ سے رائے پو رمیں جاری ہے۔

ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ جب 2008میں حکومت میں اقتدار میں ائی تو اس نے ریاست میں ایس سی طبقات کے تحفظات کو 16فیصد سے گھٹاکر 12فیصد کردیاتھا‘ اسمبلی انتخابات2018کے دوران موجودہ کانگریس کی زیرقیادت حکومت نے وعدہ کیاتھا کہ بی جے پی نے ناانصافی کی ہے اور اگر کانگریس حکومت دوبارہ اقتدار میں آتی ہے تو اس کوبحال کیاجائے گا“۔

انہوں نے مزید کہاکہ ”چار سال سے زائد کاعرصہ گذر چکا ہے مگر چیف منسٹر بھوپیش باگھیل نے اب تک اپنے کئے ہوئے وعدوں کو پورا نہیں کیاہے۔ ہم یہاں پران کے وعدے یادلانے کے لئے ائے ہیں۔

آج کااحتجاجی تاریخی ہے۔ ہم چیف منسٹر کا ایک ماہ کا وقت دے رہے ہیں اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو پھر مارچ کی 2تاریخ کو رائے پور میں ایک بڑی تحریک کے لئے ریاست بھر سے لوگوں کوطلب کریں گے۔ ہم چیف منسٹر کے گھر کا گھیراؤکریں گے۔

ہم گرام سبھاؤں‘ ٹاؤنس‘ شہروں میں جائیں گے اور حکومت کے فریب کا لوگوں میں پردہ فاش کریں گے۔

جو کوئی بھی غیرائینی کاروائی حکومت کی جانب سے کی جائے گی اس کی ہم مخالفت کریں گے“۔

آزاد نے مزید کہاکہ ”ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی طرف سے دئے گئے ریزرویشن سے آگے بڑھنے والے لوگوں کو حکومت کے کہنے پر سماج کے خلاف کام نہیں کرنا چاہئے۔ چھتیس گڑہ کے لوگ انہیں سبق سیکھائیں گے“