حیدرآباد ۔ 7۔ مئی (سیاست نیوز) چھتیس گڑھ میں سیکوریٹی فورسیس کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور چھتیس گڑھ سے متصل تلنگانہ کے سرحدی علاقہ میں نیم فوجی دستوں نے بھاری انکاونٹر میں 26 ماؤسٹوں کو ہلاک کردیا۔ چھتیس گڑھ کے جنگلاتی علاقہ میں 21 اپریل کو 20 ہزار ملازمین پولیس کے ساتھ تلاشی مہم شروع کی گئی۔ بیجاپور ضلع سے اس مہم کا آغاز ہوا اور مہم کے دوران انکاؤنٹر کے کئی واقعات پیش آئے۔ پولیس کے مطابق کل پیش آئے انکاؤنٹر میں 26 ماؤسٹ ہلاک ہوئے جن میں 4 خواتین شامل ہیں۔ انکاؤنٹر کے مقام سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا۔ سی آر پی ایف کی کوبرا کمان کے علاوہ چھتیس گڑھ پو لیس نے یہ کارروائی انجام دی ہے۔ اسسٹنٹ کمانڈو ساگر برادے کی زیر زمین بارودی سرنگ دھماکہ میں ایک پیر ضائع ہوگیا تھا۔ بارودی سرنگ دھماکوں کے بعد سیکوریٹی فورسس نے تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی۔ سی آر پی ایف کے ڈائرکٹر جنرل جی پی سنگھ تلاشی مہم کی رائے پور سے راست نگرانی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کئی علاقوں کا شخصی طور پر دورہ کرتے ہوئے مہم کا جائزہ لیا۔ اسی دوران ماؤسٹوں نے مرکزی حکومت کو جنگ بندی اور بات چیت کی پیشکش کی تھی جسے نامنظور کردیا گیا۔ سیول لبرٹیز اور جہد کاروں کی جانب سے جنگ بندی کی مانگ کی جارہی ہے۔1