چیتے کی کھال کی فروخت کا ریاکٹ بے نقاب

   

بین ریاستی ٹولی کے 4 افراد گرفتار ، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے چیتے کی کھال کو فروخت کرنے والی بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ اس خصوصی میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتایا کہ 4 افراد 23 سالہ ساپودیومتی 19 سالہ جگناتھ، 26 سالہ بال پینگی اور 24 سالہ ناگوڈیو مائیور کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے چیتا کی کھال، ناخن اور کار ضبط کرلی۔ ایل بی نگر پولیس اور رچہ کنڈہ اسپیشل آپریشنس شہر ملکاجگری زون نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کردیا۔ جن کا تعلق پڑوسی ریاست اڈیشہ سے بتایا گیا ہے۔ سرپور کاغذ نگر، مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ اور اڈیشہ، اور ویزاگ کے جنگلاتی علاقوں میں جانوروں کی نقل و حرکت پر یہ نظر رکھتے تھے اور جانوروں کی گشت کے متعلق اطلاعات کی وجہ یہ لوگ تاروں کے جال بچھاکر چیتے کا شکار کرتے تھے جب جانور ہاتھ لگ جاتا تو اسے ہلاک کردیا جاتا تب یہ لوگ اس کی کھال کی قیمت لگاکر گراہکوں کو تلاش کرتے تھے۔ چیتے کی کھال کی قیمت 5 لاکھ اور شیر کی کھال کی قیمت 20 تا 25 لاکھ روپئے لگائی جاتی ہے۔ چیتے کی کھال لے کر یہ ٹولی گراہک کی تلاش میں ایل بی نگر پہونچی اور میور ہوٹل میں قیام کیا۔ اس بات کی اطلاع پاکر پولیس نے دھاوا کیا اور انہیں گرفتار کرلیا۔