چیف الیکٹورل آفیسر کا سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس

   

فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی سے واقف کرایا، 28 نومبر تک شمولیت اور تصحیح کی گنجائش

حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم 2025 کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ فہرست رائے دہندگان کا مسودہ 29 اکٹوبر کو جاری کردیا گیا ہے اور 28 نومبر تک اس میں تصحیح و ترمیمات کی گنجائش ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ نقائص سے پاک فہرست رائے دہندگان کی تیاری کیلئے تجاویز پیش کریں۔ اجلاس میں بی جے پی، کانگریس، بی آر ایس، تلگودیشم، عام آدمی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی، سی پی ایم اور مجلس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے سیاسی پارٹیوں کو بتایا کہ فہرست رائے دہندگان میں ایسے طبقات کی شمولیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جنہیں سابق میں نظرانداز کردیا گیا جن میں تھرڈ جینڈر، معذورین اور قبائیلی گروپس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندے 9 اور 10 نومبر کو فہرست رائے دہندگان کی جانچ کرتے ہوئے تفصیلات جان سکتے ہیں۔ بوتھ سطح کے عہدیدار رائے دہندوں کی مدد کیلئے پولنگ اسٹیشنوں پر موجود رہیں گے۔ رائے دہندے کسی بھی ترمیم کیلئے فارم 8 کا استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اعتراضات اور دعوے پیش کرنے کی آخری تاریخ 28 نومبر ہے اور ناموں کی شمولیت ، تصحیح یا کسی اعتراض کیلئے درخواستیں آن لائن داخل کی جاسکتی ہیں۔ ویب سائیٹ voters.eci.gov.in پر ووٹر ہیلپ لائن ایپ کے ذریعہ آن لائن درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ بوتھ سطح کے عہدیداروں اور دیگر مقرر کردہ عہدیداروں کے پاس شخصی طور پر درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ سدرشن ریڈی نے اعلان کیا کہ فہرست رائے دہندگان برائے گریجویٹ اور ٹیچرس کونسل زمرہ جات کی تیاری کا کام جاری ہے۔ انہوں نے تمام اہل شہریوں سے جن کی عمر 18 سال ہوچکی ہے اپیل کی کہ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی مہم میں حصہ لیتے ہوئے اپنے جمہوری حق کو یقینی بنائیں۔1