چیف سکریٹری سومیش کمار نے دھان کی خریدی پر عہدیداروں سے مشاورت کی

   

4.6 لاکھ میٹرک ٹن دھان کا حصول، حکومت نے 5000 کروڑ فراہم کئے
حیدرآباد۔5۔ مئی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے ریاست میں کسانوں سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر محکمہ سیول سپلائیز کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ کمشنر سیول سپلائیز نے بتایا کہ ریاست بھر میں دھان کی خریدی کا عمل انتہائی خوشگوار طریقہ سے جاری ہے۔ ابھی تک 4.61 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدی جاچکی ہے۔ 3679 دھان کی خریدی کے مراکز پر 61300 کسانوں نے محکمہ سیول سپلائیز کو اپنی دھان فروخت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ کے پاس خالی تھیلوں کا وافر اسٹاک موجود ہے اور مزید 31 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 7.8 کروڑ خالی تھیلے دستیاب ہے۔ مزید 8 کروڑ تھیلوں کے حصول کے لئے ٹنڈرس طلب کئے جارہے ہیں۔ جوٹ کارپوریشن آف انڈیا سے عنقریب 2.5 کروڑ تھیلے حاصل ہوں گے۔ کمشنر سیول سپلائیز نے کہا کہ سرحدی اضلاع میں 51 چیک پوسٹ قائم کئے گئے تاکہ دھان کی درمیانی افراد کو فروخت کو روکا جاسکے ۔ 17 اضلاع میں خصوصی چیک پوسٹ کا قیام عمل میں آیا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ روزانہ کی بنیاد پر دھان کی خریدی کی تفصیلات ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس دھان کی خریدی کیلئے فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے اور ابھی تک 5000 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل ، گدوال ، ونپرتی ، بھوپال پلی اور ناگر کرنول میں دھان کی خریدی کے مراکز بعد میں قائم کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں کمشنر سیول سپلائیز انیل کمار، جنرل مینجر پروکیورمنٹ راجی ریڈی ، ڈپٹی جنرل مینجر ارون اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ر