چیف سکریٹری سومیش کمار نے شہر کے ٹیکہ اندازی مراکز کا معائنہ کیا

   

چھوٹے کاروباریوں اور صحافیوں کو ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم، تین دن میں 1.4 لاکھ ٹیکہ اندازی کا نشانہ
حیدرآباد: چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا ہے کہ آئندہ تین دنوں میں 1.4 لاکھ افراد کو اضلاع میں ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ حکومت نے سوپر اسپریڈرس کے لئے آج سے ٹیکہ اندازی کی سہ روزہ خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے لئے زیادہ تر ذمہ دار بننے والے افراد کو سوپر اسپریڈرس کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جن کے لئے خصوصی ٹیکہ اندازی مہم شروع کی گئی ۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 32 مراکز قائم کئے گئے ہیں جو آئندہ سات دنوں تک برقرار رہیں گے ۔ ان مراکز پر روزانہ 30,000 افراد کو ٹیکہ اندازی دی جائے گی ۔ چیف سکریٹری نے آج نامپلی کے ریڈ روز فنکشن ہال میں قائم کردہ ٹیکہ اندازی مرکز کا دورہ کیا ۔ اس مرکز میں ہائی رسک اور عوام میں زیادہ تر گھومنے والے افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صبح 8 بجے سے ٹیکہ اندازی کا آغاز ہوگا جس میں سڑکوں پر کاروبار کرنے والے افراد کھاد کی فروخت کی دکانوں میں کام کرنے والے ملازمین اور کرانہ شاپس ملازمین کی عہدیداروں کی جانب سے نشاندہی کی گئی ہے۔ حکام کی جانب سے انہیں ٹیکہ اندازی کیلئے کوپن جاری کیا گیا ہے ۔ صرف حکومت کا جاری کردہ کوپن ساتھ رکھنے والے افراد کو ٹیکے دیئے جائیں گے ۔ کوئی بھی شخص راست طور پر رجوع ہوکر ٹیکہ اندازی کا مستحق نہیں ہوگا ۔ چیف سکریٹری نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی ستائش کی ۔ چیف سکریٹری نے ٹیکہ اندازی کیلئے موجود افراد سے بات چیت کی جنہوں نے حکومت سے اظہار تشکر کیا کہ انہیں کورونا سے بچانے کیلئے ٹیکہ اندازی شروع کی گئی ۔ چیف سکریٹری نے سوماجی گوڑہ پریس کلب کا دورہ کیا جہاں صحافیوں کو ٹیکے دیئے جارہے ہیں۔ سکریٹری ہیلت سید مرتضیٰ علی رضوی ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، کلکٹر حیدرآباد شویتا موہنتی ، ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ سرینواس راؤ اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے ۔