چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اور چناجیر سوامی کے تعلقات کشیدہ

   

آشرم کے پرساد کے خلاف مقدمہ، مجسمہ مساوات کا نام ، تفریحی مقام میں تبدیل

حیدرآباد۔26۔جون(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور چناجیئر سوامی کے تعلقات کشیدہ ہونے لگے ہیں!راما نجا چاریہ کے مجسمہ کا مشاہدہ کرنے کے لئے پہنچنے والوں کو فراہم کئے جانے والے پرساد کے متعلق شکایت موصول ہونے پر ضلع رنگاریڈی کے محکمہ اوزان و پیمائش کے عہدیداروں نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔چنا جیئر سوامی کے آشرم میں نصب کئے گئے مجسمہ جسے انہوں نے ’’مجسمہ مساوات ‘‘ کا نام دیا تھا اور جاریہ سال کے اوائل میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اس مجسمہ کی نقاب کشائی عمل میں لائی تھی اس مجسمہ کا مشاہدہ کرنے کے لئے پہنچنے والوں کو فروخت کئے جانے والے پرساد کے متعلق ونئے وانگلہ نامی شخص نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ جو پرساد فراہم کیا جا رہاہے اس پر تیاری کی تاریخ اور خاتمہ کی تاریخ تحریر نہیں ہے اور نہ ہی انتظامیہ کی جانب سے پرساد کے وزن کی صراحت کی گئی ہے۔اس شکایت کے موصول ہونے کے بعد محکمہ اوزان و پیمائش کی جانب سے کی گئی کاروائی اورشکایت کا جائزہ لینے کے بعد انتظامیہ کے خلاف فوڈ سیفٹی کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ضلع رنگا ریڈی میں واقع موضع مچنتل میں چنا جیئر سوامی کے آشرم کے احاطہ میں نصب کئے گئے اس مجسمہ کو تفریحی مقام کے طور پر فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہاں پہنچنے والوں کے لئے جو پرساد فراہم کیا جا رہاہے اس پر درکار تفصیلات نہ ہونے کے سبب یہ کاروائی کی گئی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ ضلعی عہدیداروں کی جانب سے کی گئی اس کاروائی میں انتظامیہ کی جانب سے محفوظ پرساد فراہم نہ کئے جانے پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجسمہ مساوات کا مشاہدہ کرنے کے لئے پہنچنے والوں سے 200 روپئے داخلہ فیس وصول کی جار ہی ہے اور بچوں کے لئے 125روپئے داخلہ فیس وصول کی جارہی ہے اور اس کے متعلق دریافت کرنے پرانتظامیہ کا کہناہے کہ احاطہ کو پاک و صاف رکھنے اور دیگر امور کی انجام دہی کیلئے یہ رقم وصول کی جا رہی ہے اور اس طرح کے مقامات پر ہزاروں روپئے وصول کئے جاتے ہیں لیکن مجسمہ مساوات کے مشاہدہ کے لئے پہنچنے والوں کے انتہائی کم فیس رکھی گئی ہے۔م
کے سی آر کو بنڈی سنجے سے مباحث کرنے بی جے پی تلنگانہ انچارج کا چیلنج
حیدرآباد 26 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کے انچارج ترون چھگ نے کہاکہ حیدرآباد میں بی جے پی قومی عاملہ کا اجلاس تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار پر لانے کا اہم موڑ ہوگا۔ بی جے پی کا یہ اجلاس جنوبی ہند کی سیاست کا بڑا واقعہ ہوگا۔ اُنھوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو بنڈی سنجے سے کھلا مباحثہ کرنے کا چیلنج دیا اور کہاکہ چیف منسٹر وقت اور مقام طے کرلیں اور ٹی آر ایس بتائے کہ اس نے گزشتہ 8 سال میں کیا کام کیا ہے۔
بی جے پی قائدین چارمینار کی بھاگیہ لکشمی مندر کے درشن کریں گے
حیدرآباد 26 جون (سیاست نیوز) چارمینار کی بھاگیہ لکشمی مندر پرانا شہر حیدرآباد میں ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنے گی کیوں کہ بی جے پی قومی عاملہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے آنے والے قائدین اس مندر کے درشن کرنے والے ہیں۔ ان میں چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ بھی شامل ہیں۔