چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں صنعتی اداروں کی جانب سے بھاری عطیات

   

نمائندوں کی چیف منسٹر سے ملاقات، وائرس پر قابو پانے حکومت کے اقدامات کی تائید
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) ریاست کی کئی ممتاز شخصیتوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے کئے جارہے اقدامات کی ستائش کی ہے۔ حکومت کے اقدامات میں تعاون کے لیے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں بھاری عطیات کا اعلان کیا گیا۔ شانتا بایوٹیک پرموٹرس اور پدمابھوشن کے ای پرساد ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے پرگتی بھون میں آج ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے شخصی طور پر ایک کروڑ اور 116 روپئے کا چیک چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں پیش کیا۔ کے این آر کنسٹرکشن کے مالک کے نرسمہا ریڈی نے چیف منسٹر کو ایک کروڑ کا چیک حوالے کیا۔ لارس لیاب کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر ستیہ نارائن، ایگزیکٹیو ڈائرکٹر چندرا کانت نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں 50 لاکھ روپئے کا چیک پیش کیا۔ انہوں نے ہائیڈرو کلورو کوائن ٹیبلیٹس ایک لاکھ کی تعداد میں سربراہ کرنے کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے عطیہ دہندگان سے اظہار تشکر کیا جو حکومت کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات اور سرکاری مشنری سے تعاون ضروری ہے۔ میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر کمپنی لمیٹیڈ نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں پانچ کروڑ روپئے کا اعلان کیا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر پی وی کرشنا ریڈی نے پرگتی بھون میں چیف منسٹر کو چیک حوالے کیا۔ حیدرآباد کی میناکشی گروپ نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ کا عطیہ دیا ہے۔ میناکشی گروپ کے صدرنشین کے ایس رائو، منیجنگ ڈائرکٹر سی شیواجی نے یہ چیک پرگتی بھون میں کے ٹی راما رائو کے حوالے کیا۔ جی پی کے ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ کے مالکان پنی کمار اور اور مس کے شیلجا ریڈی نے ریاست کے سرکاری ڈاکٹرس کے لیے 4 ہزار N95 ماسک وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو کے حوالے کیئے۔ ریئل اسٹیٹ ڈیولپرس اسوسی ایشن آف انڈیا نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپئے کا چیک کے ٹی راما رائو کے حوالے کیا۔