نظام آباد کے ترقیاتی کاموں پر نمائندگی، درکار فنڈس منظور کرنے چیف منسٹر کا تیقن
حیدرآباد۔ 25 اکتوبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور حکومت کے مشیر و رکن اسمبلی سدرشن ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور نظام آباد ضلع کی ترقی کے ضمن میں نمائندگی کی۔ چیف منسٹر کو ضلع میں زیر التواء اہم انفرااسٹرکچر پراجکٹس کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے عاجلانہ تکمیل کی خواہش کی گئی۔ صدر ضلع کانگریس کمیٹی ناگیش ریڈی اور ضلع سے تعلق رکھنے والے مقامی عوامی نمائندوں اور کانگریس قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ نظام آباد ضلع کے اسمبلی حلقہ جات میں زیر التواء ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈس کی اجرائی کی درخواست کی گئی۔ کانگریس قائدین نے مادھا نگر ریلوے بریج اور ارسا پلی اوور بریج کی عاجلانہ تکمیل پر زور دیا۔ دونوں بریجس کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو آمد و رفت میں سہولت ہوگی بلکہ ٹریفک کے مسائل کا مستقل طور پر خاتمہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے دونوں بریجس کی تعمیر کے لئے فنڈس کی منظوری سے اتفاق کیا۔ دونوں اوور بریجس کی تعمیر سے کئی اسمبلی حلقہ جات کے عوام کو سہولت ہوگی۔ اس موقع پر نظام آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے قائدین کو نامزد عہدوں پر نمائندگی کی درخواست کی گئی۔ 1؍F