چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مہیش کمار گوڑ کی ملاقات

   

ایم ایل سی الیکشن اور نامزد عہدوں پر تقررات پر بات چیت، عوامی نمائندوں کے ساتھ 23 اکٹوبر کو اجلاس
حیدرآباد 20 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور گرائجویٹ ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ دسہرہ کے موقع پر مہیش کمار گوڑ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور مختلف اُمور پر نصف گھنٹے تک بات چیت کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے گرائجویٹ زمرہ کی دونوں ایم ایل سی نشستوں پر کانگریس امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے وزراء اور عوامی نمائندوں کو متحرک کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ دسہرہ کے بعد 23 اکٹوبر کو وزراء، عوامی نمائندوں اور اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس اور مبصرین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں انتخابی حکمت عملی سے متعلق رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے مہیش کمار گوڑ سے خواہش کی کہ وہ وزراء اور عوامی نمائندوں کو متحرک کریں کیوں کہ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کی مہم میں کئی اسمبلی حلقہ جات میں مظاہرہ ناقص ہے۔ ضلع کے انچارج وزراء اور ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کو اِس مہم پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ امیدواروں کے اعلان کے باوجود کئی ارکان اسمبلی نے ابھی تک ایم ایل سی چناؤ کی سرگرمیوں سے خود کو دور رکھا ہے۔ چیف منسٹر نے واضح کیاکہ نتائج کے بعد ہائی کمان کو عوامی نمائندوں کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے نامزد عہدوں پر تقررات کے مسئلہ پر بھی چیف منسٹر سے بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے پارٹی کے استحکام اور ایم ایل سی الیکشن میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین اور کارکنوں کی فہرست تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ صرف ایسے قائدین اور کارکنوں کو نامزد سرکاری عہدوں پر موقع دیا جائے گا جو پارٹی اور حکومت کے لئے کارآمد ثابت ہوں گے۔ کارپوریشنوں کے صدورنشین کے علاوہ سرکاری اداروں کے ڈائرکٹرس کے تقررات کا مسئلہ طویل عرصہ سے زیرالتواء ہے۔ تلنگانہ کی سابق انچارج میناکشی نٹراجن نے نامزد عہدوں کے لئے قائدین کی فہرست ہائی کمان کو پیش کی تھی لیکن چیف منسٹر کی جانب سے اختلاف کے بعد ہائی کمان نے فہرست کو معرض التواء میں رکھ دیا تھا۔ نئی فہرست کی تیاری میں چیف منسٹر اور صدر پردیش کانگریس کا اہم رول رہے گا۔ چیف منسٹر کو دسہرہ کی مبارکباد پیش کرنے والوں میں ارکان پارلیمنٹ وی نریندر ریڈی، انیل کمار یادو، رکن اسمبلی نوین یادو اور سینئر لیڈر روہن ریڈی شامل ہیں۔V/1/k/b