چیف منسٹر ریونت ریڈی کا انسانی ہمدردی کا مظاہرہ

   

نلگنڈہ کی کمسن لڑکی سرکاری سطح پر مکمل علاج کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والی ایک کمسن لڑکی کے مکمل علاج کی ذمہ داری حکومت کی جانب سے قبول کرتے ہوئے عہدیداروں کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ ایک تلگو روزنامہ میں غریب خاندان کی ابتر حالت کے بارے میں رپورٹ شائع ہوئی تھی جس پر چیف منسٹر نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کمسن لڑکی کے علاج کی حکومت کی جانب سے ذمہ داری قبول کی۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد عہدیداروں نے کمسن لڑکی کے نانا رام داس سے ربط قائم کیا اور سرکاری سطح پر مفت علاج کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ نلگنڈہ ضلع کے ناگرجنا ساگر سے تعلق رکھنے والی خاتون سدھانتی کے شوہر کا ڈھائی سال قبل انتقال ہوگیا ، اس وقت سے دو لڑکیوں کے ساتھ وہ زندگی بسر کر رہی ہے۔ دوسری دختر ہریکا ایک گاؤں میں آوارہ کتوں کے حملہ میں زخمی ہوگئی تھی، علاج کے لئے ناگرجنا ساگر کے کملا نہرو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ ہاسپٹل حکام کی جانب سے دو ٹیکے دیئے گئے تاکہ کتوں کے کاٹنے کا اثر زائل ہو۔ ٹیکہ اندازی کے بعد ہریکا شدید بخار میں مبتلا ہوئی۔ باوجود اس کے انہیں تیسرا ٹیکہ دیا گیا جس کے بعد طبیعت اور بگڑ گئی ۔ ہریکا کو حیدرآباد کے نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ علاج کے دوران ہریکا کے ہاتھ اور پیر فالج زدہ ہوگئے اور وہ کوما میں چلی گئی۔ تقریباً ایک سال سے علاج کیلئے نلگنڈہ اور حیدرآباد کے دواخانوں کے چکر کاٹ رہے ہیں اور علاج کیلئے درکار بھاری رقم کا انتظام غریب خاتون کیلئے ممکن نہیں۔ چیف منسٹر نے ہریکا کے مکمل علاج کی ذمہ داری حکومت کی جانب سے قبول کی ہے۔ غریب خاندان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔1