چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات

   

بھٹی وکرامارکا اور دیگر وزراء نے بھی کانگریس قائد کی عیادت کی
حیدرآباد 7 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزراء نے بنگلور پہونچ کر صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور مزاج پرسی کی۔ گزشتہ دنوں بنگلور کے ہاسپٹل میں ملکارجن کھرگے کو ڈاکٹرس کی خصوصی ٹیم نے پیس میکر لگایا جس کے بعد اُنھیں آرام کا مشورہ دیا گیا۔ کھرگے بنگلور میں آرام کررہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی مزاج پرسی کے لئے بطور خاص بنگلور روانہ ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے پارٹی صدر کو حکومت کی کارکردگی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں کانگریس پارٹی کے موقف اور مختلف سروے رپورٹس کے نتائج سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملکارجن کھرگے نے مجالس مقامی کے انتخابات میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات پر عمل آوری کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اِس مسئلہ پر حکومت نے جو جی او جاری کیا ہے اُسے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا اور 8 اکٹوبر کو سماعت مقرر ہے۔ ووٹ چوری مخالف مہم کو تلنگانہ میں دیہی سطح تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اے آئی سی سی کی ہدایت پر دستخطی مہم جاری ہے جو 15 اکٹوبر کو مکمل ہوجائے گی۔ چیف منسٹر کی ملاقات کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر، وزیر انیمل ہسبینڈری وی سری ہری اور وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے بھی ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ تلنگانہ کے عوامی نمائندے اور کانگریس کے سینئر قائدین پارٹی صدر کی عیادت کے لئے بنگلور کا رُخ کررہے ہیں۔1