حیدرآباد۔7۔جون۔(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی تلنگانہ سے منتخب ہونے والے 8کانگریس ارکان پارلیمان کے ہمراہ دہلی میں منعقد ہونے والے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لئے دہلی روانہ ہوں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر اے ریونت ریڈی اپنے دورہ دہلی کے دوران نئے ارکان پارلیمان کو متعارف کروانے کے بعد پارٹی ہائی کمان کے اعلیٰ قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ریاستی امور بالخصوص کابینہ کی توسیع کے سلسلہ میں مشاورت کریں گے۔ حکومت تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست تلنگانہ کی کابینہ میں چیف منسٹر کے ہمراہ 11 کابینی وزراء کو شامل کیا گیا تھا اور مابقی نشستوں کو مخلوعہ رکھا گیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اپنے دورۂ دہلی کے دوران پارٹی صدر ملکارجن کھرگے‘ مسز سونیا گاندھی ‘ مسٹر راہول گاندھی کے علاوہ پارٹی جنرل سیکریٹری مسٹر کے سی وینوگوپال سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ صدر پردیش کانگریس کے عہدہ پر نامزدگی اور کابینہ میں توسیع کے سلسلہ میں مشاورت کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے صدر پردیش کانگریس کی دوڑ میں شامل کئی قائدین انتخابی نتائج کے ساتھ ہی دہلی پہنچ چکے ہیں اور اپنے طور پر پیروی میں مصروف ہیں۔ کانگریس پارٹی نے 8 جون کو ملک میں ہوئے عام انتخابات کے نتائج پر غور خوص کے لئے کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے اور اس اجلاس میں ملک بھر کی تمام ریاستوں کے قائدین شرکت کرنے والے ہیں۔ تلنگانہ میں انتخابات کے نتائج اور دیگر امور کے سلسلہ میں مشاورت اور تبادلہ خیال کے لئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی بھی دہلی پہنچیں گے ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر آئندہ ماہ کے اوائل میں ریاستی کابینہ میں توسیع کے منصوبہ کو پیش کریں گے ۔ ریاستی کابینہ میں ابھی 6 ارکان کی شمولیت کی گنجائش ہے اور اس توسیع میں کانگریس پارٹی کی جانب سے مختلف طبقات کو نمائندگی دینے کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی صدرپردیش کانگریس کی حیثیت سے 20 جون کو تین سال مکمل ہونے جا رہے ہیں۔3