چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بھائی تروپتی ریڈی کو بھی محکمہ مال کی نوٹس

   

درگم چیروو کے ایف ٹی ایل میں مکان کا حصہ منہدم کرنے کا مشورہ ۔ مزید 204 مالکین جائیداد کو بھی نوٹسوں کی اجرائی ۔ اپنے طور پر انہدام کا موقع

حیدرآباد۔29۔اگسٹ(سیاست نیوز) تالابوں کے تحفظ اور ان پر قبضوں کی برخواستگی کیلئے حکومت کے اقدامات کے دوران آج محکمہ مال سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حقیقی بھائی اے تروپتی ریڈی کو نوٹس جاری کرکے درگم چیروو ایف ٹی ایل میں موجود ان کے مکان کے حصہ کو برخواست کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ کہاگیا کہ اگر وہ اپنے طور پر ایف ٹی ایل میں موجود حصہ کا تخلیہ نہیں کرتے ہیں تو محکمہ مال اور محکمہ آبپاشی سے مشترکہ کاروائی میںان کے مکان کو منہدم کیا جائیگا اور اس انہدامی کاروائی کیلئے ’حیدرا‘ کو مطلع کیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کل میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میںاعلان کیا تھا ان کے افراد خاندان کے بھی مکان اگر ایف ٹی ایل میں ہیں تو انہیں بھی نہیں بخشا جائے گا اور وہ خوداپنی موجودگی میں ان جائیدادوں کے انہدام کو یقینی بنائیں گے ۔ محکمہ مال سے جاری نوٹس پر بتایا جارہا ہے کہ انہوں نے یہ مکان 2015 میں خریداتھا اور وہ واقف نہیں تھے کہ اس مکان کی تعمیر درگم چیروو ایف ٹی ایل میں کی گئی ۔ لیکن محکمہ مال سے جاری نوٹس کے بعد حکومت کی کاروائیوں کو غیر جانبدار انہ کاروائی قرار دیتے ہوئے حکومت کی ستائش کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت کے تالابوں کے تحفظ کیلئے قائم محکمہ جات ان تمام جائیدادوں کی نشاندہی کر رہے ہیں جو ایف ٹی ایل میں تعمیر ہیں اور وہ ان کو نوٹس جاری کرکے انہدام کی سمت پیشرفت کر رہے ہیں۔محکمہ مال اور محکمہ آبپاشی سے جاری کاروائیوں میں آج گٹلہ بیگم پیٹ‘ درگم چیروو کے علاوہ پیددا چیروو کے ایف ٹی ایل میں موجود تعمیرات کے مالکین کو نوٹس جاری کی گئی اور مالکین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنے طور پر جائیدادوں کا تخلیہ کرکے ایف ٹی ایل عمارتوں کے انہدام کو یقینی بنائیں بصورت دیگر انکے خلاف متعلقہ محکمہ جات سے کاروائی کرکے ’حیدرا‘ کے ذریعہ انہدام کیا جائے گا۔ بتایا گیا کہ حکومت نے شیرلنگم پلی حدود میں 5تالابوں کی نشاندہی کرکے ان میں قبضہ جات کو برخواست کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے بعد ہی محکمہ مال سے مختلف سوسائیٹیز میں مالکین جائیداد کو نوٹسوں کی اجرائی عمل میں لاکر کہاگیا کہ اندرون ایک ماہ وہ اپنی جائیدادوں کے انہدام کو یقینی بنائیں اور ایف ٹی ایل کا تخلیہ کریں۔جن کالونیوں کے مکینوں کو نوٹسوں کی اجرائی عمل میں لائی گئی ان میں نیکٹر کالونی ‘ ڈاکٹرس کالونی ‘ کاویری ہلز‘ امرسوسائیٹی و دیگر شامل ہیں۔ محکمہ مال نے آج جملہ 204 جائیداد مالکین کو نوٹس جاری کرکے ان کی جائیداد ایف ٹی ایل میں ہونے کی اطلاع دی اور ان کے تخلیہ کی ہدایت جاری کی ہیں۔محکمہ مال سے جاری نوٹسوں پر ’حیدرا‘ کے عہدیداروں نے واضح کہا کہ ’حیدرا‘ کی سے کوئی نوٹس جاری نہیں کی گئی ہے لیکن ان نوٹسوں کے بعد ایف ٹی ایل کے تحفظ کیلئے ’حیدرا‘ کی ضروری کارروائی کی جائے گی۔بتایا جاتا ہے کہ آج جن 204 مالکین جائیداد کو نوٹس جاری کی گئی ان میں 5آئی اے ایس عہدیداربھی شامل ہیں جبکہ رکن اسمبلی دباک کے پربھاکر ریڈی و صنعتکار راما لنگا راجو کے فرزند کو بھی نوٹس جاری کی گئی ہے۔ بتایا گیا کہ مقامی جائیداد مالکین نے بتایا کہ 1996 میں انہیں تعمیری اجازت نامہ دیا گیا لیکن اب یہ دعویٰ کیا جار ہاہے کہ یہ اراضی تالاب کا ایف ٹی ایل ہے۔3