حیدرآباد۔8۔جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ہندستان کوکا کولہ بیوریجس کے ذمہ داروں نے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں جاری کمپنی کے پراجکٹس اور سرمایہ کاری کے متعلق تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ کمپنی ریاست میں اپنی سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ریاست کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ چیف منسٹر نے کمپنی کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت صنعتی ترقی کے لئے جو اقدامات کر رہی ہے ان اقدامات سے صنعتی اداروں کو فائدہ حاصل ہوگا اور وہ صنعتی اداروں کو درکار اجازت ناموں وغیرہ کے حصول میں بھی کسی قسم کی دشواریاں نہیں ہوں گی۔ ایچ سی سی بی کے ذمہ داروں کے وفد نے مسٹر ہمانشو پریہ درشی کی قیادت میں چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران بتایا کہ ریاست میں ہندستان کوکا کولہ کی 3000کروڑ کی سرمایہ کاری ہے جس میں سدی پیٹ کے موضع بنڈی تماپور میں جاری پراجکٹ بھی شامل ہے۔ کمپنی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے ساتھ ان کی کمپنی کا مکمل تعاون رہے گا اور امید ظاہر کی کہ حکومت کی جانب سے بھی ممکنہ تعاون کی فراہمی کے علاوہ ریاستی حکومت سرمایہ کاروں کے لئے راحت کی فراہمی کے اقدامات کرے گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنی صنعتی پالیسی کو بہتر بناتے ہوئے اسے عوامی مفاد والی پالیسی بنانے کے اقدامات ک رہی ہے۔ انہو ںنے کمپنی کے نمائندوں کو تیقن دیا کہ ریاستی حکومت ان کے مسائل کے حل کے علاوہ گرین چیانل کے ذریعہ انہیں درکار سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کرے گی۔3