اساتذہ کی 11 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کی راہ ہموار ۔ سابقہ حکومت کا اعلامیہ منسوخ
حیدرآباد 29 فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے میگا ڈی ایس سی کے انعقاد کیلئے اعلامیہ جاری کرکے 11ہزار 62 جائیدادوں پر تقررات کی راہ ہموار کردی ہے۔ چیف منسٹر نے آج صبح میگا ڈی ایس سی کے انعقاد کیلئے اعلامیہ جاری کیا ۔ ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی و محکمہ تعلیم کے عہدیدار موجودتھے۔ اعلامیہ کے مطابق 4مارچ تا 2 اپریل کے دوران آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی اور سابق میں جن امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں انہیں نئی درخواستوں کے ادخال کی ضرورت نہیں ہے جبکہ نئے امیدواروں کو 1000 روپئے فیس ادا کرنی ہوگی۔ میگا ڈی ایس سی کیلئے اعلامیہ کی اجرائی سے قبل حکومت نے کل سابقہ ڈی ایس سی اعلامیہ کو منسوخ کیا لیکن اس اعلامیہ کے بعد جن امیدواروں نے درخواست داخل کی ان کی درخواستیں قابل قبول رہیں گی۔ میگا ڈی ایس سی سے 11 ہزار 62 تقررات کئے جائیں گے جن میں 2629 اسکول اسسٹنٹ کی جائیدادوں کے علاوہ 727 لنگویج پنڈت‘ 182 پی ای ٹی‘ 6508ایس جی ٹی ‘ 220اسپیشل زمرہ اسکول اسسٹنٹ‘ 798 ایس جی ٹی عہدہ شامل ہیں۔ ریاست میں طویل مدت کے بعد ڈی ایس سی کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔سابقہ حکومت نے 5089 تقررات کیلئے جو اعلامیہ جاری کیا تھا اس کو منسوخ کرکے جائیدادوں میں اضافہ کرکے میگا ڈی ایس سی کیلئے اعلامیہ جاری کیاگیا ۔ 3