چیف منسٹر نے پرچوں کے افشاء پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا

,

   

پرگتی بھون میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ، نوجوانوں کے بھروسے کو برقرار رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے پر زور
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے پرگتی بھون میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچوں کے افشاء کا جائزہ لیا ہے ۔ اس اجلاس میں ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ ، کے ٹی آر ، چیف سکریٹری شانتی کمار ، تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدر نشین جناردھن ریڈی کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ پہلے ہی گروپ I پریلمس ، اے ای ای ، ڈی اے او کے امتحانات منسوخ کردئیے گئے ہیں اور 11 جون کو گروپ I پریلمس امتحان انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ امتحانی پرچوں کے افشاء پر چیف منسٹر نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ غفلت سے کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے ساتھ کمیشن میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانے پر زور دیا ۔ صدر نشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن جناردھن ریڈی نے امتحانی پرچوں کے افشاء اور ایس آئی ٹی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سے چیف منسٹر کے سی آر کو واقف کرایا ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر نے مستقبل میں ہونے والے امتحانات کو تمام احتیاط سے منعقد کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ بڑے پیمانے پر تقررات کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ اس طرح کی بے قاعدگیاں ہوتی رہی تو حکومت کی بدنامی ہوگی اور تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن پر سے بیروزگار نوجوانوں کا اعتماد اُٹھ جائے گا اور اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کا موقع مل جائے گا ۔ لہذا جائیدادوں پر تقررات کیلئے امتحانات تحریر کرنے والے امیدواروں کو بھروسہ دلانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ ساتھ ہی امتحانی پرچوں کو افشاء کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر زور دیا ۔۔ ن