حیدرآباد۔26۔ڈسمبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک 29 ڈسمبر کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی و ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے اپنے دورہ دہلی کے موقع پر پارٹی اعلیٰ کمان قائدین سے ملاقات کرکے ریاست میں کابینہ کی توسیع ‘ اراکین کونسل کے ناموں کو قطعیت کے علاوہ نامزد عہدوں پر تقررات کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں تلنگانہ کی صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے لوک سبھا انتخابات سے قبل ان امور کی تکمیل کا مشورہ دیا۔ بتایاجاتا ہے کہ ریونت ریڈی 27 ڈسمبر کو پارٹی کے سرکردہ قائدین سے ملاقات کرکے ان پر مشاورت کریں گے۔ تلنگانہ میں تشکیل حکومت کے بعد 6 وزراء کو کابینہ میں شامل کرنے کی گنجائش ہے اور کابینہ کی توسیع پر مشاورتی عمل جاری ہے ۔ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کی دہلی روانگی کے بعد سے ہی یہ قیاس آرائیاں کی جار ہی ہیں کہ چیف منسٹر کی واپسی کے بعد کسی بھی وقت کابینہ کی توسیع کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر چہارشنبہ کو پارٹی جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال کے علاوہ دیگر قائدین سے ملاقات میں کونسل میں نامزدگیوں اور نامزد عہدوں بالخصوص کارپوریشن کے صدور اور دیگر نامزدگیوں پر مذاکرات کریں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر 28 ڈسمبر کو ناگپور میں کانگریس کے 138 ویں یوم تاسیس میں شرکت کیلئے روانہ ہوں گے اور 28 ڈسمبر کو اس میں شرکت کے بعد وہ حیدرآباد واپس ہوں گے۔ دہلی میں چیف منسٹر کی مصروفیات پر کہا جا رہاہے کہ وزیر اعظم سے ملاقات کے سواء مابقی تمام مصروفیات سیاسی ہیں اور وہ پارٹی اعلیٰ قائدین سے مشاورت کے ساتھ تلنگانہ کے حل طلب امور کے متعلق فیصلہ کریں ۔ 3