6 عہدیداروں کے خلاف کریمنل مقدمات درج کرنے سائبرآباد پولیس کمشنر سے سفارش
حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے جھیلوں اور تالابوں پر ناجائز قبضوں کو برخواست کرنے کی مکمل آزادی ملنے کے بعد حیڈرا جیٹ اسپیڈ سے کارروائی کررہا ہے۔ ذات پات، مذہب، حکمران اور اپوزیشن سے بالاتر ہوکر قبضوں کو برخواست کرنے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ گھنٹوں کے فرق میں بڑی بڑی عمارتوں کو زمین دوز کیا جارہاہے۔ حیڈرا کی کارروائی ریاست بھر میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ اس انہدامی کارروائی میں عوام کو کئی مقامات پر مشکلات بھی پیش آئی ہیں۔ متاثرین نے بتایا کہ عہدیداروں نے تعمیری منظوری دی ہے جس کے بعد ہم نے عمارتوں کی تعمیر کی ہے اس میں ہمارا قصور کیا ہے، حیڈرا کے عہدیداروں سے دریافت کیا ہے۔ جس کے بعد حیڈرا نے ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ ایف ٹی ایل اور بفر زونس میں عمارتوں کی تعمیرات کی منظوری دینے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ایف ٹی ایل کے حدود میں مکانات کی تعمیرات کی منظوری دینے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ بعد ازاں بفر زونس میں تعمیرات کی منظوری دینے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ اسی حصہ کے طور پر 6 عہدیداروں کے خلاف کریمنل مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں چندا نگر جی ایچ ایم سی کے ڈپٹی کمشنر، ایچ ایم ڈی اے کے اسسٹنٹ پلاننگ آفیسر، گنڈی پیٹ کے سپرنٹنڈنٹ ، نظام پیٹ کے میونسپل کمشنر سرویئر، نظام پیٹ کے ایم آر او کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کی سائبرآباد پولیس کمشنر کو حیڈرا نے سفارش کرنے کی اطلاعات وصول ہوئی ہیں۔2