چیف منسٹر کے فارم ہاوز پر متعین ہیڈ کانسٹبل کی خودکشی

,

   

حیدرآباد۔/16 اکٹوبر، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش اسٹیٹ اسپیشل پولیس کے ایک ہیڈ کانسٹبل نے جو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ضلع سدی پیٹ میں واقع فارم ہاوز پر تعینات تھا اپنے سر پر گولی چلاکر خودکشی کرلی۔ پولیس نے کہا کہ 38 سالہ اے وینکٹیشورلو اس فارم ہاوز پر سیکورٹی گارڈ انچارج کی حیثیت سے متعین تھا اس نے اپنی سیدھی کنپٹی پر 9mm سرویس پستول سے تقریباً 10:30 بجے گارڈ ریسٹ روم میں گولی چلالی۔ وینکٹیشورلو کو فوری دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بعد معائنہ مردہ قرار دیا۔ سدی پیٹ کے پولیس کمشنر جوئیل ڈیوس نے پی ٹی آئی سے کہا کہ اُس نے شخصی وجوہات کی بنا پر خودکشی کرلی۔ کمشنر نے کہا کہ وہ شراب نوشی کا عادی تھا اور حال ہی میں نشہ کی عادت سے نجات پانے کیلئے علاج بھی شروع کیا تھا۔ وہ 29 ستمبر سے ڈیوٹی پر رجوع ہوا تھا۔ جوئیل ڈیوس نے کہا کہ ہیڈ کانسٹبل گزشتہ دو روز سے غیر مجاز طور پر رخصت پر تھا اور ڈیوٹی آفیسر سے اس کی بیوی کی درخواست و التجاء پر اس کو دوبارہ ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔ ان اطلاعات پر کہ اس واقعہ کے وقت وہ حالت نشہ میں تھا ، ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ آیا وہ حالت نشہ میں تھا۔ چیف منسٹر کا یہ فارم ہاوز ضلع سدی پیٹ کے ایرابلی گاؤں میں واقع ہے۔