چیف منسٹر کے ہیلی کاپٹر میں تیکنیکی خرابی

   

پائلٹ کی چوکسی محفوظ طریقہ سے لینڈنگ، دوسرے ہیلی کاپٹر کا انتظام
حیدرآباد ۔ 6 نومبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر کے سفر کرنے والے ہیلی کاپٹر میں تیکنیکی خرابی پیدا ہوگئی ۔ پائلٹ نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کو محفوظ طریقہ سے لینڈنگ کیا ۔ اسمبلی انتخابات کیلئے انتخابی مہم چلانے چیف منسٹر کے سی آر پیر کی صبح اپنے فارم ہاؤز ایداولی سے ہیلی کاپٹر میں دیورکدرہ کیلئے روانہ ہوئے اُسی وقت یہ واقعہ پیش آیا جس کے بعد پائلٹ نے فوری چوکسی اختیار کی اور چیف منسٹر کو فارم ہاؤز میں محفوظ طریقہ سے ہیلی کاپٹر کو اتار دیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر ریاست میں طوفانی انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ آج وہ متحدہ ضلع محبوب نگر میں دیورکدرہ، نارائن پیٹ ، مکتھل اور گدوال اسمبلی حلقوں کے بی آر ایس آشیرواد جلسوں سے خطاب کرنے والے تھے ۔ تاہم ہیلی کاپٹر میں تیکنیکی مسائل پیدا ہوجانے کی وجہ سے دورے میں تھوڑی تاخیر ہوئی ۔ اپوزیشن عہدیداروں نے چیف منسٹر کے انتخابی دورہ کیلئے دوسرے ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا جس کے بعد چیف منسٹر انتخابی جلسوں کیلئے روانہ ہوگئے اور شیڈول کے مطابق انتخابی جلسوں سے خطاب کیا ۔ ن