چین سے آج ضروری طبی سامان ہندوستان پہونچے گا

   

نئی دہلی4اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) چین سے لازمی طبی سامان لے کر سرکاری طیارہ خدمات کمپنی ایئر انڈیا کا طیارہ اتوار کو دہلی آئے گا ۔شہری ہوا بازی کی وزارت نے ہفتہ کو بتایا کہ چین کے ساتھ ایئر انڈیا کے ذریعے قائم ایروبریج کے تحت شنگھائی سے طبی سامان لے کر پہلی پرواز اتوار کو دہلی آئے گی ۔ لاک ڈاؤن کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا جب کوئی مسافر یا کارگو طیارہ چین سے ہندوستان آئے گا ۔ ہندوستان نے شنگھائی کے علاوہ ہانگ کانگ سے بھی دہلی کے لئے کارگو پرواز کی درخواست کی تھی جس کی اجازت مل گئی ہے ۔ ملک کے مختلف حصوں میں طبی اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کے لئے شروع کی گئی ‘ لائف لا ئن پرواز’ کے تحت ایئر انڈیا اور ہندوستانی فضائیہ کے طیاروں نے جمعہ کو 10 پروازیں کیں اور ملک کے مختلف حصوں میں 19 ٹن سے زیادہ ضروری سامان پہنچایا ۔ وزارت نے بتایا کہ جمعہ کے روز لازی طبی اور دیگر سامان کے ساتھ ایئر انڈیا نے آٹھ اور ایئر فورس نے دو پروازیں کیں ۔ انہوں نے مجموعی طور پر 19.39 ٹن سامان پہنچایا ۔ یہ سامان لداخ، دھیما پور ، امپھا ل ، گنگٹوک، گوہاٹی، باگڈوگرہ ، چنئی اور پورٹ بلیئر پہنچا یا گیا ۔ وزارت ‘ لائف لائن پرواز’ میں شمال مشرق ، پہاڑی اور جزائر ریاستوں تک سامان پہنچانے کو ترجیح دے رہی ہے ۔ اس کے تحت 26 مارچ سے 03 اپریل تک مجموعی 1،02،115 کلومیٹر کی دوری طے کر 138.81 ٹن سامان مختلف مقامات پر پہنچا یا گیا ہے ۔