چین میں کوروناوائرس سے مہلوکین کی تعداد 132 ہوگئی

,

   

بیجنگ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)چین میں کوروناوائرس سے 132 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 5974 لوگوں میں یہ انفیکشن پایا گیا ہے ۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے یہ اطلاع دی ہے ۔ اس سے ایک دن پہلے وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق کل 4515 لوگوں میں یہ انفیکشن پایا گیا تھا اور 106 مریضوں کی موت ہوئی تھی۔ ہیلتھ کمیشن نے کہا‘‘ این ایچ سی کو 28 جنوری کی رات تک 59 صوبوں سے کل 5974 مریضوں کی اطلاع ملی ہے ، جن میں 1239 سنگین حالت میں ہیں۔ ابھی تک 132 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔

کرونا وائرس کا امارات میں پہلا کیس، چین میں ہزاروں متاثرین
دوبئی 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کا آج اعلان کر دیا گیا۔ متاثرین کی حالت اگرچہ مستحکم بتائی گئی ہے لیکن انہیں کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ امارات کی وزارت صحت کے بیان کے حوالے سے سرکاری خبر رساں ایجنسی (وام) نے یہ اطلاع دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق متاثرین کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے جو چین کے متعدی وبا سے متاثر شہر ووہان سے آئے ہیں۔خبر میں متاثرین کی تعداد نہیں بتائی گئی۔وزارت صحت کے حوالے سے العربیہ نے خبر دی ہے کہ صحت سے متعلق تنظیموں ،متعلقہ اداروں اور عالمی ادارہ صحت کے ہدایت کردہ معیار کے مطابق مطلوبہ احتیاطی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔اس دوران چین کے حکام نے بھی آج اعلان کیا ہے کہ چین میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5974 ہو چکی ہے ۔ اس وائرس سے اب تک 132 لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔