چین :کورونا وائرس کے مہلوکین کی تعداد 1600 سے متجاوز

,

   

بیجنگ 15 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد 16 ہزار سے زائد ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں مزید 143 افراد اس وائرس کی وجہ سے فوت ہوگئے ہیں۔ چینی محکمہ صحت کے حکام نے آج یہ بات بتائی ۔ چین کا صوبہ ہوبئی اس وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہے ۔ چینی نیشنل ہیلت کمیشن نے بتایا کہ جمعہ کو ایک دن میں 2,402 نئے افراد اس وائرس کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں اور یہاں ایک دن میں 139 افراد فوت بھی ہوئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ہینن سے دو افراد کے مرنے کی اطلاع ہے جبکہ بیجنگ اور چونگنگ میں ایک ایک فرد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے ۔ کمیشن نے کہا کہ جو نئے افراد اس وائرس سے متاثر سمجھے جا رہے ہیں ان میں 1,138 افراد کے طبی معائنے بھی ہوچکے ہیں اور ان میں اس وائرس کی توثیق بھی ہوچکی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ نئے طبی معائنوں کے بعد جو اعداد و شمار سامنے آئے ہیں ان کے مطابق صرف ہوبئی صوبے میں اس وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 54,406 تک جا پہونچی ہے جبکہ سارے چین میں 67,535 افراد کے اس وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ۔ جمعہ کو چینی حکومت نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے متاثرین کی تعداد میں کمی آ رہی ہے تاہم جو اعداد وشمار سامنے آئے ہیں ان کے مطابق یہ تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔ اس دوران چین کے صدر ژی جن پنگ نے اس بیماری اور وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور اسکا تجزیہ کرنے کیلئے ڈیجیٹل ٹکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس بیماری کے علاج کیلئے بھی ٹکنالوجی کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے یہ بات ایسے وقت میں کی ہے جبکہ ووہان میں اس وائرس کے شکار مریضوں کے علاج کیلئے دواخانوں میں روبوٹس کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ طبی ادویات کی منتقلی کیلئے بھی ان ہی روبوٹس کو استعمال کیا جا رہا ہے ۔ چین کے باہر اس وائرس کے متاثرین کی تعداد 580 بتائی گئی ہے ۔