چین کی ٹیم ٹی20 کرکٹ میں 14رنز پر ڈھیر

   

دبئی ۔15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات کی ویمنز ٹیم نے چین کو ٹی20 انٹرنیشنل کی تاریخ کے کم ترین اسکور پر آؤٹ کر کے 189 رنز کے بھاری فرق سے شکست دے دی۔ تھائی لینڈ ویمنز ٹی20 اسمیش کے گروپ بی کے میچ میں متحدہ عرب امارات نے پہلے کھیلتے ہوئے چین کی ٹیم کو 204 رنز کا مشکل ہدف دیا۔امارات کی اوپنر ایشا روہت نے 62 گیندوں پر 82 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ 121 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ جواب میں چین کی پوری ٹیم صرف 48 منٹ میں 10 اوورز کے اندر ہی 14 رنز پر پویلین لوٹ گئی جو ویمنز ٹی20 کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔ چینی ٹیم کی 7 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئیں، سب سے زیادہ 4 رنز ہان لی لی نے بنائے اور کوئی بھی کھلاڑی دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا۔ اس سے قبل ویمنز انٹرنیشنل ٹی20 میچ میں کم تر اسکور پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ میکسکو کے پاس تھا جو گزشتہ سال برازیل کے خلاف صرف 18رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔