چین کے خطرناک عزائم کے خلاف امریکہ فلپائن کے ساتھ : وزیرخارجہ

   

واشنگٹن : امریکہ کے نئے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے چہارشنبہ کے روز اپنے فلپائنی ہم منصب کے ساتھ بحیرہ جنوبی چین میں ، چین کے خطرناک اور عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے منیلا کے لیے امریکہ کے دفاع کے آہنی عزم کو اجاگر کیا۔ امریکہ کے محکمہ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں فلپائنی وزیر خارجہ اینریک منالو کے ساتھ ٹیلی فون کال کے حوالے سے کہا ہے کہ ، ’ سیکرٹری روبیو نے انہیں بتایا کہ (چین) کا رویہ علاقائی امن اور استحکام کے لیے نقصان دہ اور بین الاقوامی قانون سے متصادم ہے۔ فلپائن گزشتہ دو برسوں سے چین کے ساتھ سمندری تنازعات میں الجھا ہوا ہے۔ روبیو نے فلپائنی ہم منصب کو یہ فون کال ، منگل کو کو اڈ اجلاس میں آسٹریلیا، بھارت اور جاپانی ہم منصوبوں کی میزبانی کے بعد کی ہے۔ یہ چار ملکی فورم چین پر مرکوز ہے۔