چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ میں دو قدیم دوست ایک دوسرے کے مقابل

   

رنجیت ریڈی اور کونڈا وشویشور ریڈی میں دلچسپ مقابلہ کا امکان
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ میں دو قدیم دوستوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوسکتا ہے ۔ سابق میں بی آر ایس میں ایک ساتھ کام کرنے والے کونڈا وشویشور ریڈی اور جی رنجیت ریڈی لوک سبھا چناؤ میں دو علحدہ پارٹیوں کے امیدوار ہوں گے۔ وشویشور ریڈی اور رنجیت ریڈی بی آر ایس میں قریبی دوست سمجھے جاتے تھے لیکن سیاسی حالات نے الیکشن میں انہیں ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کردیا ہے۔ کونڈا وشویشور ریڈی بی جے پی کے ٹکٹ پر جبکہ رنجیت ریڈی کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرسکتے ہیں۔ بی آر ایس نے کاسانی گیانیشور کو امیدوار بنایا ہے ۔ کونڈا وشویشور ریڈی بی آر ایس اور کانگریس کے بعد بی جے پی میں شامل ہوگئے ۔ 2014 میں وہ بی آر ایس کے ٹکٹ پر ملکاجگری سے منتخب ہوئے تھے اور 2019 چناؤ میں کانگریس کے ٹکٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بی آر ایس نے 2019 میں رنجیت ریڈی کو امیدوار بنایا تھا جنہوں نے وشویشور ریڈی کو شکست دی تھی۔ لوک سبھا چناؤ سے عین قبل رنجیت ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے اور توقع ہے کہ کانگریس ہائی کمان انہیں امیدوار بنائے گا۔ اس طرح دو سابق سیاسی دوست چیوڑلہ میں ایک دوسرے کے مقابل دکھائی دیں گے۔ 1