چیوڑلہ میں وشویشور ریڈی کے حق میں عوامی لہر

   

مختلف منڈلوں میں دورہ ، عوام سے ملاقات، جلسہ عام میں آر سی کنتیا اور کودنڈا رام کی شرکت
حیدرآباد ۔ 4۔ اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ میں کانگریس امیدوار کونڈا وشویشور ریڈی کے حق میں عوامی تائید میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ وشویشور ریڈی روزانہ مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے نہ صرف رائے دہندوں سے ملاقات کر رہے ہیں بلکہ سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کو کانگریس کے انتخابی منشور سے واقف کرا رہے ہیں۔ دورہ کے موقع پر عوام کی جانب سے جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا۔ وشویشور ریڈی کی تائید میں کل رات جلیل گوڑہ میں جلسہ عام منعقد کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی آر سی کنتیا ، تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ حلقہ کی ترقی کیلئے وشویشور ریڈی کی دوسری میعاد کیلئے کامیابی کی اپیل کی گئی ۔ عوام نے عہد کیا کہ وہ ملک میں کانگریس پارٹی کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کیلئے وشویشور ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے ۔ وشویشور ریڈی نے آج صبح ابراہیم پلی چیوڑلہ میں اقلیتوں سے ملاقات کی۔ بعد میں تانڈور میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ بار اسوسی ایشن ، لاری اونر اسوسی ایشن ، آر ایم پی ، فارمیسی اسوسی ایشن ، مدیراج سنگھم اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ دورہ کے موقع پر وشویشور ریڈی کے حق میں عوامی تائید دیکھی جارہی ہے ۔ اسی دوران بی سی طبقہ کے سینئر قائد آر کرشنیا نے وشویشور ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے تائید کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے بی سی طبقات کے ساتھ کئے گئے وعدوں سے انحراف کرلیا ہے ۔ لہذا بی سی طبقات کانگریس کی تائید کریں گے ۔ انہوں نے وشویشور ریڈی کی ستائش کی اور کہا کہ وہ عوامی خدمات کا زبردست ریکارڈ رکھتے ہیں۔