ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ اندرون ایک ہفتہ نصب کیا جائے: ہنمنت راؤ

   

بھوک ہڑتال کی دھمکی، دلت مسئلہ پر کانگریس قائدین کی خاموشی پر اظہار افسوس
حیدرآباد ۔ 16۔ اپریل (سیاست نیوز) سینئر کانگریسی قائد اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے دھمکی دی کہ اگر خیریت آباد میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ اندرون ایک ہفتہ نصب نہیں کیا گیا تو وہ بھوک ہڑتال کا آغاز کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر وہ اپنی جان کی قربانی دینے تیار ہیں ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ مجسمہ کی تنصیب کیلئے اجازت حاصل نہ کرنے کا بہانہ بناکر ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کو منہدم کردیا گیا جبکہ خیریت آباد میں آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کا مجسمہ بھی اجازت کے بغیر نصب کیا گیا ہے لیکن بلدی حکام نے اسے منہدم نہیں کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کو نشانہ بنانے پر سوال اٹھائے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ مجلس بلدیہ کی ٹیم کی جانب سے مجسمہ کو جواہر نگر ڈمپنگ یارڈ میں پھینک دینا انتہائی افسوسناک ہے ۔ ہنمنت راؤ نے امبیڈکر جینتی کے موقع پر مجسمہ کی تنصیب کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کی تھی ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ دیگر پارٹیوں کے قائدین نے بھوک ہڑتال کی تائید کی لیکن کانگریس کے قائدین اظہار یگانگت کیلئے نہیں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کے سی آر نے تلنگانہ بھون میں ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ ہٹاکر وہاں اپنی تصویر کو نصب کردیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری ریاستوں میں ڈاکٹر امبیڈکر جینتی منائی گئی لیکن تلنگانہ میں چیف منسٹر کے سی آر نے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ پر پھول تک نہیں چڑھائے۔ انہوں نے کے سی آر کے وعدہ کے مطابق مجسمہ کی تنصیب کیلئے کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیا ۔ ہنمنت راؤ نے پردیش کانگریس کمیٹی کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست گیر سطح پر احتجاج کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کو نقصان پہنچانا دراصل کمزور طبقات کی توہین ہے۔ حکومت کو وعدہ کے مطابق 125 فٹ طویل مجسمہ نصب کرنا چاہئے ورنہ اندرون ایک ہفتہ مجسمہ کی عدم تنصیب پر وہ بھوک ہڑتال کا آغاز کردیں گے ۔ ہنمنت راؤ نے افسوس کا اظہار کیا کہ کانگریس قائدین صرف بیان بازی کر رہے ہیں اور وہ کسی احتجاج کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کا تعلق دلت طبقہ سے ہے۔ اس کے باوجود وہ اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ راہول گاندھی کو ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین کا مسئلہ ملک بھر میں ا ٹھانا چاہئے ۔ ہنمنت راؤ نے اعلان کیا کہ وہ اپنے ذاتی خرچ سے گاندھی بھون میں ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کریں گے ۔