ڈاکٹر حسام ابو صفیعہ کی رہائی کیلئے کوششیں جاری:اقوام متحدہ

   

نیویارک : اقوام متحدہ نے اسرائیل کی طرف سے، کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو گرفتار کئے جانے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی معاون ترجمان ‘فلورینسیا سوٹو نینو’ نے معمول کی پریس بریفنگ میں غزّہ کی عمومی صورتحال پر تبصرہ کیا ہے۔نینو نے کہا ہیکہ حملوں میں ، بشمول نظامِ صحت اور انسانی امداد تک رسائی کے، انسانوں کے لئے حیاتی اہمیت کی حامل ہر چیز تباہ کر دی گئی ہے۔نینو نے کہا ہے کہ کمال عدوان ہاسپٹل اب غیر فعال ہے، اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے ہاسپٹل سے 10 مریضوں کو نکالا جن میں سے 4 کو اسرائیل نے حراست میں لے لیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ فی الحال ہسپتال میں 7 مریض اور 15 رکنی عملہ موجود ہے لیکن طبی نگہداشت کی فراہمی ممکن نہیں رہی۔ ہسپتال کو شدید نقصان پہنچا ہے اور وہاں پانی اور بجلی دستیاب نہیں ہے۔اس سوال کے جواب میں کہ کیا اقوام متحدہ کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر ابو صفیہ کی اسرائیل کی طرف سے گرفتاری کی مذمت کرتی ہے، فلورینشیا سوٹو نینو نے کہا ہے کہ”ہم خاص طور پر ہسپتالوں سمیت ہر قسم کے شہری بنیادی ڈھانچے اور شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کرتے ہیں۔ ابو صفیہ کی رہائی کے لیے ہمارے رابطے جاری ہیں اور کسی بھی معصوم شہری کو حراست میں نہیں لیا جانا چاہیے۔نینو نے کہا ہے کہ ابو صفیہ سمیت تمام ضرورت مندوں کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے اور ہم، اس کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔