ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی کو بزم صدف ایوارڈ

   

نئی دہلی/ دوحہ : ملک و بیرون ملک اردو کی توسیع و ترقی کے لئے کوشاں بزمِ صدف انٹرنیشنل نے نئی نسل ایوارڈ دوبئی میں مقیم شاداب اُلفت کو جب کہ ایوارڈ برائے اردو تحریک 2022 ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی کو دینے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اطلاع آج یہاں جاری ایک ریلیز میں دی گئی ہے ۔ریلیز کے مطابق اس سے پہلے بزمِ صدف نے اپنے بین الاقوامی ایوارڈ 2022 ڈاکٹر ظفر کمالی کو دینے کا اعلان کیا ہے ۔ بزمِ صدف کے چیئر مین شہاب الدین احمد اور ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے بین الاقوامی جیوری کے متفقہ فیصلے کی اطّلاع دیتے ہوئے یہ بتایا کہ اِس کی مرکزی کمیٹی نے توثیق کر دی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر مسرّت کا اظہار کیا کہ تمام ایوارڈس اتّفاق راے سے طَے کیے گئے اور ایسے ادبا و شعرا کو دیے جا رہے ہیں جن کی خدمات کا دائرۂ کار نہ صرف یہ کہ اپنے علاقے اور ملک تک ہے بلکہ اُن کی شناخت عالَمی سطح پر ہے ۔مسٹر شہاب الدین احمد نے بتایا کہ دوحہ قطر میں یکم دسمبر کو تقریبِ تقسیمِ ایوارڈ اور عالَمی مشاعرے کا ڈی۔ پی۔ایس آڈیٹوریم، الوکرا (دوحہ قطر ) میں منعقد کیا جائے گا۔