ڈاکٹر منموہن سنگھ کا تلنگانہ سے اٹوٹ رشتہ : کے سی آر

   

کے ٹی آر کی قیادت میں بی آر ایس ارکان پارلیمنٹ خراج عقیدت پیش کریں گے
حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو بھر پور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم کا تلنگانہ سے اٹوٹ رشتہ تھا ۔ کے ٹی آر کی قیادت میں بی آر ایس قائدین کا ایک وفد دہلی پہونچکر انہیں خراج پیش کرے گا ۔ کے سی آر نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ماہر معاشیات ، پر خلوص سیاستداں سے محروم ہوگیا ہے ۔ بحیثیت وزیراعظم وزیر فینانس ڈاکٹر منموہن سنگھ نے معاشی اصلاحات لاتے ہوئے ملک کی معیشت کو استحکام پہونچایا ۔ منموہن سنگھ کی کابینہ میں بحیثیت وزیر خدمات انجام دینے کا مجھے موقع ملا ہے ۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک سے علحدہ ریاست تشکیل دینے تک ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مکمل تائید و حمایت کی ہے جس کو ہرگز بھلا نہیں سکتے ۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لیے جدوجہد کرتے وقت منموہن سنگھ نے ٹی آر ایس موجودہ بی آر ایس کی قدم قدم پر تسلی دیتے ہوئے حوصلہ افزائی کی ہے ۔ جب وہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز تھے تبھی علحدہ تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ہے ۔ علحدہ ریاست کی تشکیل میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہے ۔ کے سی آر نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی اور ریاست کے عوام کی طرف ڈاکٹر منموہن سنگھ کو بھر پور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور کے ٹی آر کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ دہلی پہونچکر خراج عقیدت پیش کریں ۔۔ 2