ڈاکٹر نعیمہ خاتون علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی پہلی خاتون وائس چانسلر

   

حیدرآباد۔/23 اپریل، ( سیاست نیوز) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون وائس چانسلر کو مقرر کیاگیا ہے۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے ڈاکٹر نعیمہ خاتون کو علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کا نیا وائس چانسلر مقرر کیا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب الیکشن کمیشن سے تقرر کی اجازت حاصل کی گئی۔ نعیمہ خاتون نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سے سائیکالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور وہ پانچ سال کی میعاد کیلئے وائس چانسلر کے عہدہ پر برقرار رہیں گی۔ نعیمہ خاتون سے قبل 1920 میں بیگم سلطان جہاں کو چانسلر مقرر کیا گیا تھا۔ صدر جمہوریہ یونیورسٹی کی وزیٹر ہیں اور انہوں نے الیکشن کمیشن کی اجازت کے ساتھ تقرر کا اعلامیہ جاری کیا۔ واضح رہے کہ نومبر 2023 میں وائس چانسلر کے عہدہ کیلئے نعیمہ خاتون کی امیدواری کو چیلنج کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی تھی۔ درخواست گذاروں کا کہنا تھا کہ نعیمہ خاتون کے شوہر محمد گلریز کی قیادت میں سلیکشن کمیٹی نے نام کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ محمد گلریز یونیورسٹی کے کارگذار وائس چانسلر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے درخواست کو مسترد کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 1988 میں نعیمہ خاتون کو علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے سائیکالوجی ڈپارٹمنٹ میں لیکچرر کے طور پر تقرر کیا گیا۔ 2006 میں انہیں پروفیسر کے عہدہ پر ترقی دی گئی اور 2014 میں ویمنس کالج کی پرنسپل مقررکی گئیں۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی نے ستمبر 2020 میں قیام کے 100 سال مکمل کرلئے اور پہلی مرتبہ کسی خاتون کو وائس چانسلر مقرر کیا گیا۔1