حکومت تلنگانہ سے ہاوزنگ کارپوریشن کو 196.46 کروڑ کی منظوری
حیدرآباد۔27۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے دونوں شہروں میں موجود ڈبل بیڈ روم فلیٹس میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے 196.46 کروڑ منظور کرتے ہوئے بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تعمیر کئے گئے ڈبل بیڈ روم فلیٹس جہاں برقی سربراہی ‘ سیوریج ‘ کے علاوہ دیگر بنیادی سہولتیں موجود نہیں ہیں جس کے نتیجہ میں ان عمارتوں کو مخلوعہ رکھا جا رہا ہے اور جن لوگوں کو یہ فلیٹس مختص کئے گئے ہیں وہ بھی ان فلیٹس میں منتقل ہونے سے گریز کر رہے ہیں ان مسائل کو دور کرنے کے لئے ریاستی حکومت کے محکمہ ٹرانسپورٹ‘ عمارات و شوارع کی جانب سے 196.46 کروڑ روپئے تلنگانہ ہاؤزنگ کارپوریشن لمیٹڈ کے لئے منظور کئے ہیں اور اس بات کی ہدایت جاری کی ہے کہ ڈبل بیڈ روم جن مقامات پر تعمیر کئے گئے ہیں اور جہاں بنیادی سہولتوں کی عدم موجودگی کے نتیجہ میں عمارتیں مخلوعہ ہیں ان عمارتوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی عمل میں لاتے ہوئے ان عمارتوں کو فوری طور پر آباد کرنے کے اقدامات کئے جائیں کیونکہ ان عمارتوں کو تعمیر کے باوجود مخلوعہ رکھے جانے کے سبب ان عمارتوں میں لگائے گئے دروازے ‘ کھڑکیاں اور دیگر سامان کے سرقہ کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں اسی لئے ان عمارتوں کو فوری طور پر آباد کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ ہاؤزنگ کارپوریشن نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات کے مطابق ڈبل بیڈ روم فلیٹس میں درکار سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان عمارتوں میں درکار سہولتوں کی تخمینہ اندازی کے بعد ان کی منظوری عمل میں لاتے ہوئے ان کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔3