ڈسپلن شکنی کی صورت میں تادیبی کارروائی کیلئے مانکیم ٹیگور کا انتباہ

   

پولیٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس، داخلی امور پر میڈیا سے رجوع ہونے کی مخالفت

حیدرآباد۔6۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کی پولیٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس ہنگامہ خیز ثابت ہوا۔ پارٹی کے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور نے ڈسپلن کی برقراری کے سلسلہ میں تمام قائدین کو ہدایت دی کہ وہ پارٹی کے اندرونی امور کے بارے میں میڈیا سے بات چیت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی اس بات سے سخت ناراض ہیں کہ تلنگانہ میں بعض سینئر قائدین اختلافات اور داخلی معاملات کا کھلے عام اظہار کر رہے ہیں۔ سونیا گاندھی نے پارٹی کے داخلی اختلافات پر ناراضگی جتائی ۔ مانکیم ٹیگور نے جب سونیا گاندھی کی ناراضگی سے واقف کرایا تو اس وقت بعض سینئر قائدین نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی شکایت کی اور کہا کہ اہم فیصلے قائدین سے مشاورت کے بغیر یکطرفہ کئے جارہے ہیں۔ مانکیم ٹیگور نے ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد ہی اہم فیصلے کریں۔ اجلاس زوم ایپ کے ذریعہ منعقد کیا گیا تھا جو چار گھنٹوں سے زائد تک جاری رہا۔ ریاست میں پارٹی کی موجودہ صورتحال پر قائدین نے اظہارخیال کیا اور آپس میں اتحاد کی ضرورت ظاہر کی۔ مانکیم ٹیگور نے رکن اسمبلی جگا ریڈی کو ڈسپلن کی پابندی کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اگر وہ دوبارہ میڈیا سے پارٹی کے داخلی امور پر بات کریں گے تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ مانکیم ٹیگور نے ریونت ریڈی اور ان کے مخالف قائدین کے اختلافات ختم کرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ تادیبی کارروائی کمیٹی کے صدرنشین چنا ریڈی کو اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا میں اظہار سے گریز کرنا چاہئے ۔ ٹیگور نے کہا کہ انتخابات کیلئے دو سال باقی ہیں ، ایسے میں پارٹی قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنا چاہئے ۔ ر