ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش امجد باشاہ کو دورہ ملایشیا کی دعوت

   

ملایشیا حکومت کے نمائندے کی ملاقات
حیدرآباد ۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش سید امجد باشاہ کو 25 مئی تا 2 جون کوالالمپور ملایشیا میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل مینگو فیسٹول 2020 ء میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ حکومت ملایشیا کی اگریکلچرل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے رکن ڈاکٹر پرساد پاسم نے آج ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر اقلیتی بہبود امجد باشاہ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے آم کی پیداوار اور تجارت کے سلسلہ میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے آندھرا پردیش میں اسلامک کلچرل سنٹر اور حلال یونیورسٹی کا ایکسٹینشن کاؤنٹر قائم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جس سے مسلم نوجوانوں کو روزگار اور تجارت میں رہنمائی ملے گی۔ مذہبی اور سیکولر اقدار میں ملایشیا اور آندھراپردیش میں یکسانیت ہے۔ غذاؤں میں بھی یکسانیت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے آندھراپردیش اور ملایشیا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت آندھراپردیش روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور نوجوانوں کو تجارت سے مربوط کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔