ڈیلیئرز دورۂ پاکستان کیلئے تیار

   

جوہانسبرگ ۔14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ کے میدان سے مسلسل بری خبروں کے بعد اب پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کے لیے اچھی خبر آگئی کہ جنوبی افریقہ لیجنڈ اے بی ڈی یلیئرز نے پاکستان کے میدانوں میں کھیلنے پر رضا مندی کا اظہار کردیا۔ قبل ازیںآسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ زخمی ہونے کے سبب پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد پی ایس ایل شائقین میں مایوسی ہوگئی تھی، تاہم اس کے بعد پاکستان میں موجود شائقین کے لیے سب سے بڑی خبر آگئی۔ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے اے بی ڈی یلیئرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے میچز کے لئے پاکستان آنے کے لئے تیار ہیں۔ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے بتایا کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے خواہش مند ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ اس میں اپنا کردار ادا کریں۔ اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں جلوہ گر ہوں گے اور وہ لاہور قلندرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، جبکہ 9 اور 10 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں میچز بھی کھیلیں گے۔ لاہور قلندرز کا 9 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور 10 مارچ کو ملتان سلطانز سے مقابلہ ہوگا۔ تاہم سابق جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ وہ لاہور قلندرز کو خطاب جتوانے کے لیے پْر عزم ہیں ۔