ڈیڑھ لاکھ سے زائد عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے

   

سعودی عرب:دنیا بھر سے عازمین حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کے روز جاری ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے شروع کیے گئے ’’ روڈ ٹو مکہ‘‘ اقدام کے تحت اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ روڈ ٹو مکہ اقدام کے تحت 7 ملکوں کے عازمین کے سعودی عرب پہنچنے اور حج کی ادائیگی اور واپسی تک کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔سعودی عرب پہنچنے والے عازمین کا استقبال پھولوں، کھجوروں اور آب زم زم سے کیا گیا ہے۔ اس سال سعودی عرب میں حج کے مناسک کا آغاز 26 جون سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق اس سال 26 لاکھ مسلمان فریضہ حج ادا کریں گے۔ یہ ’’کووڈ 19‘‘ وبا کے بعد پوری صلاحیت کے ساتھ ہونے والا پہلا حج ہوگا۔ یاد رہے ’’ روڈ ٹو مکہ‘‘ اقدام میں مراکش، ملائیشیا، انڈونیشیا، پاکستان، بنگلہ دیش، ترکی اور کوٹ ڈی آئیور سے آنے والے عازمین کو خدمات فراہم کی جارہی ہے۔