ڈی ویلئیرز تمام طرز کی کرکٹ سےسبکدوش

   

جوہانسبرگ ۔جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے اسٹاربیٹر اور سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ہر طرح کی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔37 سالہ کرکٹر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جمعہ کو اپنے 17 سالہ کیریئر کے اختتام کا اعلان کیا۔دنیا بھر میں اپنی بیٹنگ کیلئے مشہور ڈی ویلیئرز نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 114 ٹسٹ میچوں میں8765 ، 228 ونڈے مقابلوں میں 9577 اور 78 ٹی20 میچوں میں 1672 رنز بنائے۔اپنے بیان میں ڈی ویلیئرز نے کہا کہ یہ ایک شاندار سفر رہا ہے تاہم اب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے سبکدوش ہوجاؤں۔ کرکٹ میرے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل رہی ہے، چاہے میں ٹائٹنز کے لیے کھیل رہا ہوں، جنوبی افریقہ کے لیے یا رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے، کھیل نے مجھے ناقابل یقین تجربات اور مواقع فراہم کئے اور میں ہمیشہ شکرگزار رہوں گا۔انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ میں ٹیم کے ہر کھلاڑی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، ہر حریف کا، ہر کوچ، ہر فزیو اور ہر اسٹاف ممبر کا جو اس سفر میں شامل رہے ہیں۔میں جنوبی افریقہ، ہندوستان اور جہاں جہاں میں کرکٹ کھیلا ہوں، سب کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، اور میں آخر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ سب کچھ میرے خاندان، میرے والدین، میرے بھائیوں، میری اہلیہ اور میرے بچوں کی قربانیوں کے بغیر ممکن نہ تھا۔میں زندگی کے نئے مرحلے کا آغاز کرنے جارہا ہوں جس میں وہ میرے لیے سرفہرست ہوں گے۔ڈی ویلیئرزکو ونڈے میں تیز ترین نصف سنچری، سنچری اور تیز ترین 150 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے، وہ واحد بیٹر ہیں جن کے 100 سے زائد اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ٹسٹ اور ونڈے میں 50 سے زائد کی اوسط ہے۔اے بی ڈی ویلیئرز نے کرکٹ چھوڑنے کا اعلان اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پرکیا۔ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے لیکن میں نے تمام طرز کی کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ میں نے خالص لطف اور بے لگام جوش کے ساتھ کھیل کھیلا ہے۔اْنہوں نے مزید کہا کہ اب 37 سال کی عمر میں، وہ شعلہ اب اتنا تیز نہیں جلتا۔خیال رہے کہ اس سے قبل اے بی ڈی ویلیئرز نے 2018 میں بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔
سبکدوشی سے کوہلی مایوس
نئی دہلی ۔ اے بی ڈی ویلیئرز نے تمام طرز کی کرکٹ کو خیربادکہنے پر ہندوستان کے سابق ٹی 20 کپتان ویرات کوہلی شدید افسردہ ہوگئے۔ویرات کوہلی نے اے بی ڈی ویلیئرز کے اعلان کے بعد اْن کے لیے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا۔ کوہلی نے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز ہمارے دورکے بہترین کھلاڑی ہے۔