دبئی : جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں واپسی کی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف منعقدہ دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں ان کے شاندار مظاہرے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے کا انہیں صلہ ملا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوبی افریقہ نے دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی کامیابی حاصل کی ہے اور اس کامیابی میں ڈی کاک کے مظاہرے کلیدی رہے۔ ڈی کاک نے دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کی بدولت انہیں درجہ بندی میں دو نشانات کی ترقی کا موقع ملا ہے اور وہ اس ترقی کے ذریعہ 18 ماہ بعد سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں واپسی کی ہے۔ 28 سالہ ڈی کاک نے اپنے کریئر میں سب سے بہترین مقام بیٹسمینوں کی فہرست میں چھٹا حاصل کیا ہے اور یہ 2019ء ڈسمبر میں سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل ہونا ان کا بہترین مقام بھی ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایک اور بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کی بھی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے اور یہ کپتان ڈین ایلگر ہیں جنہوں نے ایک مقام کی ترقی کے بعد 19 واں مقام حاصل کیا ہے۔ کپتان نے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کے ایک اور بیٹسمین راسی ونڈرڈوسن نے 31 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 43 واں مقام حاصل کیا ہے جیسا کہ انہوں نے دوسری اننگز میں 75 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ بولروں میں جنوبی افریقہ کے دوسرے ٹسٹ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کگیسوربادا نے ایک مقام کی ترقی کے بعد چھٹا مقام حاصل کرلیا ہے۔ ربادا نے اس مقابلہ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ علاوہ ازیں دوسرے ٹسٹ میں ہیٹ ٹرک لینے والے اسپنر کیشومہاراج نے تین مقامات کی ترقی کے ساتھ 28 واں مقام حاصل کیا ہے۔ مہاراج نے جنوبی افریقہ کے لئے 61 برسوں کے دوران ٹسٹ میں پہلی مرتبہ ہیٹ ٹرک حاصل کی ہے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین جرمین بلاک ووڈ نے 12 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 44 واں مقام حاصل کیا ہے۔