ڈی کے شیوکمار نے کرناٹک کانگریس کی کمان سنبھالی

   

بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا عہد
بنگلورو: کانگریس پارٹی کے قدآور لیڈر ڈی کے شیوکمار نے تین کارگزار صدور کے ساتھ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔ بنگلورو میں گزشتہ روز پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر میں “پرتگنا دن” یعنی یوم عہد تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں کانگریس کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں نئی ٹیم نے رسمی طور پر اپنے عہدوں کا جائزہ لیا۔ کے پی سی سی کے صدر کے عہدے سے فارغ ہونے والے دنیش گنڈو راو نے ڈی کے شیوکمار اور انکی ٹیم کو پارٹی کی قیادت کی ذمہ داری سونپی۔ ڈی کے شیوکمار نے بحیثیت صدر، سلیم احمد، ایشور کھنڈرے اور ستیش جارکی ہولی نے بحیثیت کارگزار صدور اپنی ذمہ داری قبول کی۔پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ پارٹی کو زمینی سطح سے مضبوط کرتے ہوئے اقتدار تک پہنچانا انکا ہدف ہوگا۔ انہوں نے کہا وہ سب کو ساتھ لیکر پارٹی کو آگے بڑھائیں گے۔ پارٹی میں گروہ بازی کو موقع نہیں دینگے۔ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ بی جے پی نے انہیں سیاسی طور پر ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، انکے خلاف ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس محکمہ کا استعمال کیا، یہاں تک کہ انہیں دہلی کی تہاڑ جیل بھی بھیج دیا۔