ستمبر کے آخر میں موسم نے لی کروٹ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
نئی دہلی :ستمبر مہینے کے آخر میں موسمی تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے اور وقفہ وقفہ سے گرمی اور بارش دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے کئی حصوں میں ایک بار پھر سائیکلون یعنی سمندری طوفان کے اثرات دکھائی دے سکتے ہیں جس سے بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالہ سے مہاراشٹرا سمیت مختلف ریاستوں کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، سائیکلون کی وجہ سے تلنگانہ، آندھرا پردیش، بہار، جھارکھنڈ اور کئی دیگر ریاستوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ سائیکلون کا اثر مغربی وسطی اور شمال مغربی خلیج بنگال میں موجود کم دباؤ والے علاقے کی وجہ سے ہے، جو آندھرا پردیش اور جنوبی اوڈیشہ کے ساحلی علاقوں کے قریب ہے۔ سائیکلون کا اثر دہلی میں بھی دکھائی دے سکتا ہے اور ستمبر کے آخر تک موسم کا یہی حال رہے گا۔محکمہ موسمیات نے یوپی اور بہار کے لیے بھی الرٹ جاری کیا ہے جہاں اگلے پانچ دنوں کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ مہاراشٹر اکے مختلف اضلاع خاص طور پر ممبئی اور پونے میں تیز بارش کا امکان ہے جبکہ گجرات کے بیشتر علاقوں میں بھی سائیکلون کی وجہ سے اگلے تین سے چار دنوں تک بارشیں ہو سکتی ہیں۔ ممبئی میں آج بھی شدید بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو گئی تھی۔ اس دوران اسکول کالج بند کر دئے اور لوکل ٹرینوں کی رفتار بھی ماند پڑ گئی تھی۔محکمہ موسمیات نے مغربی بنگال اور سکم میں 26 سے 28 ستمبر تک شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ چھتیس گڑھ میں 26 سے 29 ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، جھارکھنڈ، جموں و کشمیر، لداخ، اتراکھنڈ اور اوڈیشہ میں 26 سے 30 ستمبر تک ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں، شمال مشرقی ریاستوں میں بھی اگلے چند دنوں میں بارش متوقع ہے۔